سپورٹس بورڈ نیشنل کوچنگ سینٹر جدید طرز پر بنانے کا منصوبہ

08-17-2024

(لاہورنیوز) ایتھلیٹ ارشد ندیم کی کامیابی کے بعد حکومت کے کھیلوں پر خصوصی توجہ دیتے ہوئے سپورٹس بورڈ نیشنل کوچنگ سینٹر کراچی کو جدید طرز پر بنانے کا منصوبہ تیار کرنےکا فیصلہ کیا ہے ۔

ڈائریکٹر نیشنل کوچنگ سینٹر عمران یوسف نے کھلاڑیوں کو خوشی کی نوید سناتے ہوئے کہا کہ ایتھلیٹس کی خستہ حال ٹارٹن ٹریک سے جان چھوٹ جائے گی، رواں سال خراب ٹارٹن ٹریک کو بدلنے کا کام شروع ہو جائے گا جس کیلئے بجٹ منظور ہو چکا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پرانا ٹارٹن ٹریک بارش کے پانی سے خراب ہوا نیا اونچا بنایا جائے گا، نئے منصوبے کے تحت ٹریک کے نیچے بڑی سیوریج کی لائنیں بچھائی جائیں گی، کھیلوں کی جدید سہولیات کی فراہمی دو مرحلوں میں مکمل کی جائیں گی۔ عمران یوسف کا کہنا تھا کہ دو نئے گراؤنڈز ، ری ہیبلی ٹیشن سینٹر اور دو ہاسٹلز تعمیر کئے جائیں گے، نیا ٹارٹن ٹریک پر سوئمنگ پول اور فٹبال کی مصنوعی گراس لگائی جائی گی، ٹریک پر آٹھ نئے فلڈ لائٹس ٹاور بھی نصب کئے جائیں گے۔ ڈائریکٹر نیشنل کوچنگ سینٹر نے مزید کہا کہ منصوبہ دو مراحل میں مکمل ہوگا، جس کی مدت ایک سال ہوگی، ملک کا پہلا فائیو اے سائیڈ ہاکی سٹیڈیم تعمیر کیا جائے گا، ہاکی اور فٹسال کے گراؤنڈز بھی بنائے جائیں گے۔