منکی پاکس الرٹ!مریم نواز حرکت میں آگئیں،صوبائی وزرائے صحت کو ورکنگ گروپ اجلاس کی ہدایت

08-17-2024

(لاہور نیوز )وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر صوبائی وزرائے صحت خواجہ سلمان رفیق اور خواجہ عمران نذیر نےمنکی پاکس وائرس کی صورتحال کا جائزہ لینے کیلئے ورکنگ گروپ کا اجلاس بلا لیا۔

رپورٹ کےمطابق ورکنگ گروپ اجلاس میں افسران،عالمی ادارہ صحت،طبی ماہرین، سول ایوی ایشن و دیگر ٹیکنیکل گروپ کے ایکسپرٹس  نے  شرکت کی ۔ ڈین انسٹی ٹیوٹ آف پبلک ہیلتھ پروفیسر زرفشاں طاہر نے منکی پاکس،زیکا وائرس و دیگر بیماریوں پر بریفننگ دی۔ اجلاس کے دوران تمام ایئر پورٹس پر الرٹ جاری کرنے کی ہدایات جاری کی گئیں۔ صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق کااجلاس کے شرکا سے  اظہار خیال کرتے ہوئے کہنا تھا کہ  پنجاب میں ابھی تک منکی پاکس کا ایک بھی کیس رپورٹ نہیں ہوا ہےتاہم  متعلقہ حکام کو اس حوالے سے الرٹ جاری کر دیا گیا ہے۔منکی پاکس کے مریضوں کی تشخیص و علاج کیلئے عالمی ادارہ صحت کی واضح ایس او پیز کو فولو کیا جائے گا۔  خواجہ سلمان رفیق کا مزید کہنا تھا کہ سب سے پہلے آئسولیشن وارڈز کے ہیلتھ کیئر ورکرز کو منکی پاکس کی ویکسین لگائی جائے گی،منکی پاکس کے کیسز کو رسپانس کرنے کیلئے ایس او پیز مرتب کی جا رہی  ہیں۔ ودسری جانب صوبائی وزیر صحت خواجہ عمران نذیر کا اظہار خیال  کرتے ہوئے کہنا تھا کہ منکی پاکس کے حوالے سے خطرے کی کوئی بات نہیں لیکن ہمیں احتیاط ضرور کرنی چاہئے،ایئرپورٹ حکام کو مسافروں کی منکی پاکس کے حوالہ سے سکریننگ کی ہدایات جاری کی گئی ہیں۔