190 پاونڈز کیس بند کرنے کے فیصلے کا ریکارڈ فراہم کرنے کی درخواست سماعت کیلئے مقرر

08-17-2024

(ویب ڈیسک) اسلام آباد ہائیکورٹ نے 190 ملین پاؤنڈز کیس سے متعلق نیب کے فیصلے کا ریکارڈ فراہم کرنے کیلئے بانی پی ٹی آئی کی درخواست اعتراض کیساتھ سماعت کیلئے مقرر کردی۔

اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب اور جسٹس بابر ستار پیر کو عمران خان کی درخواست پر سماعت کریں گے۔ بانی پی ٹی آئی نے سلمان صفدر ایڈووکیٹ اور خالد یوسف ایڈووکیٹ کے ذریعے درخواست دائر کی، درخواست میں بانی پی ٹی آئی نے ٹرائل کورٹ کا 12 اگست کا آرڈر ہائیکورٹ میں چیلنج کیا ہے۔ درخواست میں مؤقف اپنایا گیا ہے کہ تفتیشی افسر نے بیان میں کہا کہ نیب کی 343 ویں ایگزیکٹو بورڈ میٹنگ میں کیس بند کرنے کی منظوری دی گئی، ٹرائل کورٹ نے کیس بند کرنے کا ایگزیکٹو بورڈ میٹنگ کا ریکارڈ طلب کرنے کی درخواست مسترد کر دی تھی۔ درخواستگزار کی جانب سے استدعا کی گئی ہے کہ عدالت نیب کو بورڈ میٹنگ کا ریکارڈ فراہم کرنے کا حکم دے، بانی پی ٹی آئی نے درخواست کے حتمی فیصلے تک 190 ملین پاؤنڈز کیس کا ٹرائل روکنے کی استدعا کی ہے۔