شہر کے مرکزی لاری اڈے میں بارشی پانی کے باعث مسافروں کو مشکلات

08-17-2024

لاہور: (سامعہ سعید) شہرکے مرکزی لاری اڈے میں بارش کا پانی جمع ہونے سے مسافروں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

رات گئے ہونے والی بارش سے شہر کے جنرل بس سٹینڈ میں سیوریج اور بارشی پانی جمع ہوگیا، بارش برسنے کے سبب سیوریج  اور بارش کا پانی مل کر لاری اڈاتالاب کا منظر پیش کر رہا ہے،گندے پانی کی بدبو میں سانس لینا بھی محال ہو چکا ہے۔ جگہ جگہ گڑھے اور سیوریج   کا پانی جمع ہونے  سے مسافروں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے، روزانہ سینکڑوں کی تعداد میں گاڑیاں لاری اڈے سے دوسرے شہروں کے لئے  روانہ  ہوتی ہیں، ہزاروں مسافر  سفر  کیلئے شہر کے مرکزی لاری اڈے  کا رخ کرتے ہیں۔ لاری اڈے  پر  صفائی کی ابتر صورتحال،سیوریج  اور بارشی پانی کی نکاسی نہ ہونے کے سبب ایک طرف شہری اذیت میں مبتلا ہیں تو دوسری طرف ڈرائیور گڑھوں کی وجہ سے باربار ٹائر پھٹنے  کی وجہ سے  پریشان ہیں۔ ڈرائیورز اور مسافروں نے متعلقہ اداروں سے فوراً  نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔