سرکاری تھرمل پاور پلانٹس میں ملاوٹ شدہ فرنس آئل استعمال ہونے کا انکشاف

08-17-2024

(لاہور نیوز) سرکاری تھرمل پاور پلانٹس میں ملاوٹ شدہ فرنس آئل استعمال ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔

رپورٹ کے مطابق ناردرن پاور اور نندی پور بجلی گھر میں ملاوٹ شدہ فرنس آئل استعمال کیا گیا،  لاکھوں لیٹر ہائی سلفر فرنس آئل چوری کر کے پانی اور راکھ کی ملاوٹ کی گئی،  سرکاری افسر اور ملازم فرنس آئل چوری اور ملاوٹ کرنے میں ملوث نکلے۔ ناردرن پاور اور نندی پور پاور پلانٹس کی فرانزک رپورٹ منظر عام پر آ گئی جس میں بتایا گیا ہے کہ  ملاوٹ شدہ فرنس آئل سے دونوں پلانٹس کے انجن، بوائلرز اور بیٹریاں خراب ہو چکی ہیں، ملاوٹ شدہ فرنس آئل کے استعمال سے ملکی خزانے کو 85 ارب کا نقصان ہوا۔ رپورٹ کے مطابق ملاوٹ شدہ فرنس آئل سے پاور پلانٹس کی کارکردگی متاثر ہوئی، اربوں روپے کی کپیسٹی پیمنٹ ادا کی گئی، نیب کی انکوائری میں افسران کی کرپشن ثابت ہوئی، چور بیرون ملک بھاگ گئے۔ رپورٹ میں انکشاف ہوا ہے کہ ناردرن پاور کمپنی فرانزک رپورٹ کے بعد بھی ذمہ داروں کو سزا دینے سے گریزاں ہے، نیپرا نے نندی پور سمیت ناردرن پاور کے تمام بجلی گھروں کو بیمار قرار دے دیا، دونوں پلانٹس مشینیں خراب ہونے کے باعث مہنگی بجلی پیدا کرتے ہیں۔ ذرائع کے مطابق رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ سرکاری عہدیداروں نے بجلی پیداواری مشینوں کی بروقت مرمت نہیں کی، وقت گزرنے کے بعد مرمت سے قومی خزانے کو مزید اربوں روپے کا نقصان ہوگا، ملاوٹ شدہ تیل کے استعمال سے پاور پلانٹس کی متعدد مشینیں ناکارہ ہوچکی ہیں۔