پاکستان میں سست انٹرنیٹ سے بنگلادیشی کرکٹر بھی پریشان
08-17-2024
(ویب ڈیسک) پاکستان میں سست انٹرنیٹ سے بنگلادیشی کرکٹر بھی پریشان ہو گئے۔
بنگلادیش کرکٹ ٹیم ان دنوں پاکستان کے خلاف 2 ٹیسٹ میچز کی سیریز کھیلنے لاہور میں موجود ہے۔ مہمان کھلاڑی گزشتہ 4 دن سے لاہور میں ٹریننگ میں مصروف ہیں لیکن پاکستان میں انٹرنیٹ کی رفتار سست ہونے کی وجہ سے پریشانی کا شکار ہیں۔ ذرائع کے مطابق بنگلادیشی کھلاڑیوں کا کہنا ہے کہ انٹرنیٹ سپیڈ کی وجہ سے انہیں اہل خانہ کے ساتھ رابطے میں مشکلات پیش آرہی ہیں۔ دوسری جانب ذرائع کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ کا اس سلسلے میں کہنا ہے کہ بنگلادیشی ٹیم انتظامیہ نے سلو انٹرنیٹ کی اب تک کوئی شکایت نہیں کی۔ واضح رہے کہ وائرلیس اینڈ انٹرنیٹ سروس پرووائیڈرز ایسوسی ایشن آف پاکستان (WISPAP) کے مطابق گزشتہ چند ہفتوں کے دوران انٹرنیٹ کی رفتار میں 30 سے 40 فیصد تک کمی ہوئی ہے۔