اقرا اعزیز اور فیروز کا ڈرامہ 'خدااور محبت3' ترکیہ میں بھی سکرینز کی زینت بننے کے لئے تیار
08-16-2024
(ویب ڈیسک)مشہور زمانہ ڈرامہ سیریل ’خدااور محبت‘ کا تیسرے سیزن ترکیہ کے چینل ‘کنال 7′ پر نشر ہونے کے لیے تیار ہے، ڈرامے کا تُرک زبان میں ٹریلر بھی جاری ہوگیا ہے۔
سال 2021 میں نشر ہونے والے مقبول ڈرامہ ‘خدا اور محبت 3′ کی کہانی ہاشم ندیم نے لکھی تھی جبکہ اس کی ہدایتکاری سید وجاہت حسین نے کی تھی، ڈرامے میں فرہاد اور ماہی کی ادھوری محبت کی کہانی دکھائی گئی تھی۔ڈرامے میں فرہاد کا کردار فیروز خان جبکہ ماہی کا کردار اقرا عزیز نے ادا کیا تھا، ڈرامے کی دیگر کاسٹ میں جنید خان، مرزا زین بیگ، حنا خواجہ بیات، جاوید شیخ، روبینہ اشرف، عثمان پیرزادہ، اسماء عباس، طوبیٰ صدیقی، فریحہ جبین، نور الحسن اور سنیتا مارشل شامل تھیں۔ ‘خدا اور محبت 3′ نے مقبولیت کے تمام ریکارڈ توڑ دیے تھے اور یہ پہلا پاکستانی ڈرامہ تھا جو یوٹیوب پر ون بلین کلب میں شامل ہوا تھا، ڈرامے کی مقبولیت کو دیکھتے ہوئے اب اسے ترکیہ میں بھی ریلیز کیا جارہا ہے۔میڈیا رپورٹس کے مطابق فیروز خان اور اقرا عزیز کا مقبول ڈرامہ ‘خدا اور محبت 3′ ترکیہ کے چینل ‘کنال 7′ پر نشر کیا جائے گا، ڈرامے کا تُرک زبان میں ٹریلر بھی ریلیز ہوگیا ہے جسے تُرک مداحوں کی جانب سے خوب پسند کیا جارہا ہے۔ ‘کنال 7′ کے یوٹیوب چینل پر ریلیز کیے گئے ٹریلر کے مطابق ‘خدا اور محبت 3′ کو تُرک زبان میں ‘ناسیپ’ کا نام دیا گیا ہے۔