ملک بھر میں سست انٹرنیٹ کا مسئلہ،اداکارہ حنا خواجہ بیات کی حکومت پر تنقید

08-16-2024

(ویب ڈیسک)اداکارہ حنا خواجہ بیات ملک بھر میں انٹرنیٹ کی سُست رفتاری پر حکومت پر برہم ہوگئیں۔

حنا خواجہ بیات نے سوشل میڈیا پر جاری کیے گئے پیغام میں کہا کہ ایک طرف،ہم اپنی بگڑتی ہوئی معیشت کا رونا روتے ہیں اور دوسری طرف حکومت نے ملک بھر میں انٹرنیٹ کی رفتاری سُست کردی ہے۔سینئر اداکارہ نے کہا کہ انٹرنیٹ کی سُست رفتاری اور بار بار بندش کی وجہ سے لوگوں کے کاروبار متاثر ہورہے ہیں، اس طرح تو لوگ روزگار سے محروم ہو جائیں گے۔ اُنہوں نے کہا کہ حکومت کا دعویٰ ہے کہ وہ ملکی معیشت کو بہتر کرنے کے لیے کام کر رہی ہے، کیا انٹرنیٹ بند کرکے معیشت بہتر ہوگی؟ آخر آپ کیا چاہتے ہیں؟ آپ کو کس بات کا خوف ہے کہ آپ ٹیکنالوجی کے اس جدید دور میں ہمیں انٹرنیٹ سے محروم کررہے ہیں۔ حنا خواجہ بیات نے حکومت پر برہم ہوتے ہوئے کہا کہ آپ معیشت اور کاروبار کو تباہ کر رہے ہیں، کیا آپ پاکستان کو ختم کرنا چاہتے ہیں؟ آپ وہ کام کر رہے ہیں جو ہمارے دشمن نہیں کر سکے، اب آپ ملک کو اس طرح تباہ کرو گے۔آخر میں اداکارہ نے پاکستان کے اعلیٰ حکام سے اپیل کی کہ وہ جلد از جلد انٹرنیٹ کے سُست رفتاری کے مسئلے کو حل کریں۔