بجلی بلوں میں ریلیف عارضی نہیں مستقل ہونا چاہیے، امیر جماعت اسلامی
08-16-2024
(لاہور نیوز)امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے نواز شریف کی جانب سے بجلی کے بلوں میں ریلیف کے اعلان پر اپنے ردِ عمل میں کہا ہے کہ یہ ریلیف عارضی نہیں بلکہ مستقل ہونا چاہئے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے ایک پیغام میں حافظ نعیم الرحمان نے کہا ہے کہ مزاحمت اور جدوجہد رنگ لاتی ہے۔ حافظ نعیم الرحمان کا کہنا تھا کہ پنجاب کے بعد وفاقی اور صوبائی حکومتوں کو ریلیف کے دائرے کو پورے ملک میں پھیلانا ہو گا، یہ ریلیف عارضی نہیں بلکہ مستقل ہونا چاہیے، دیگر صوبائی حکومتیں اور وفاق بھی پیش رفت کرے۔ واضح رہے کہ صدر مسلم لیگ ن میاں نوازشریف نے500 یونٹ تک بجلی استعمال کرنے والوں کیلئے 14روپے فی یونٹ ریلیف کا اعلان کیا ہے۔ سابق وزیراعظم میاں نواز شریف کا پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہنا تھا کہ بجلی بلوں میں ریلیف دینے کیلئے 45ارب روپے مختص کیے ہیں ، ترقیاتی پیکیج کے فنڈز سے کٹوتی کرکے عوام کو ریلیف دیں گے، پنجاب حکومت کے مختلف شعبوں سے 45 ارب روپے نکال کر عوام کو ریلیف دیں گے، شہبازشریف بھی بجلی قیمتوں میں کمی کیلئے اقدامات کریں۔