مہنگائی کی شرح میں معمولی کمی، 19 اشیاء کی قیمتوں میں اضافہ،13 سستی

08-16-2024

(لاہور نیوز) ملک میں رواں ہفتے کے دوران مہنگائی کی شرح میں معمولی کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔

ادارہ شماریات کی رپورٹ کے مطابق  ملک میں ہفتہ وار مہنگائی کی شرح میں صفر اعشاریہ 16 فیصد کی کمی آئی ہے جبکہ سالانہ بنیادوں پر مہنگائی کی شرح 16.86 فیصد ریکارڈ کی گئی ہے۔ رپورٹ میں بتایا گیا کہ رواں ہفتے کے دوران  19 اشیاء کی قیمتوں میں اضافہ ، 13 اشیاء کی قیمتوں میں کمی ریکارڈ کی گئی جبکہ 19 اشیاء کی قیمتوں میں استحکام رہا۔ ادارہ شماریات کے مطابق رواں ہفتے ٹماٹر کی قیمتوں میں 40 روپے فی کلو اضافہ ہوا، ایک ہفتے میں انڈے 13 روپے فی درجن مہنگے ہوئے،  رواں ہفتے لہسن کی قیمت میں 10 روپے 40 پیسے،  بیف کی قیمت میں 58 پیسے فی کلو اضافہ ہوا۔ اسی طرح  گڑ، کپڑا، دہی اور دال چنا بھی مہنگی ہو نے والی اشیاء میں شامل ہیں۔ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ رواں ہفتے کے دوران پیاز 7 روپے 17 پیسے فی کلو سستے ہوئے، ایک ہفتے میں آٹے کے بیس کلو کے تھیلے کی قیمت میں 34 روپے 43 پیسے کمی آئی، چکن، کیلے، ایل پی جی، چینی اور آلو بھی سستی ہونے والی اشیاء میں شامل ہیں۔