لاہور سے اغواء ہونے والی 13 سالہ بچی سیالکوٹ سے بازیاب، ملزم فرار

08-16-2024

(ویب ڈیسک) لاہور سے اغواء کر کے سیالکوٹ لے جائی گئی 13 سالہ بچی کو بازیاب کروا لیا گیا جب کہ ملزم فرار ہوگیا۔

اسلام پورہ چوکی اکرم پارک پولیس نے کامیاب کارروائی کرتے ہوئے اغواء کے مقدمے میں مطلوب بچی 13 سالہ زینب کو تلاش کر لیا۔ بچی گھر سے سودا سلف لینے نکلی تھی اور لاپتہ ہوگئی، جس کے بعد 15 کال پر فوری رسپانس کرتے ہوئے والد کی مدعیت میں اغوا کا مقدمہ درج کیا گیا۔ مقدمہ اندراج کے بعد ڈی آئی جی آپریشنز نے نوٹس لیتے ہوئے بچی کی بازیابی کے لیے فوری طور پر ٹیم تشکیل دی، جس کے بعد ایس پی سٹی کی سربراہی میں ایس ایچ او اسلام پورہ اور چوکی انچارج شہزاد نعیم نے ٹیم کے ہمراہ بچی کی تلاش شروع کی، جس کے لیے سیف سٹی کیمروں سمیت ہیومین ریسورس سے مدد حاصل کی گئی ۔ ایس پی سٹی کیپٹن ریٹائرڈ قاضی علی رضا کے مطابق نامعلوم ملزم بچی کو ورغلا کر اپنے ساتھ سیالکوٹ لے گیا تھا، جہاں وہ پولیس کے پہنچنے پر بچی کو چھوڑ کر موقع سے فرار ہوگیا، جس کی تلاش جاری ہے۔ ملزم کو فوٹیجز کی مدد سے شناخت کر لیا گیا ہے، جو جلد ہی قانون کی گرفت میں ہوگا۔ 13 سالہ زینب کے بہ حفاظت ملنے پر والدین نے اسلام پورہ چوکی اکرم پارک پولیس کا شکریہ ادا کیا۔