نمرہ خان کااپنے مبینہ اغوا پر عوام کی جانب سے تنقید پر ردعمل سامنے آگیا

08-15-2024

(ویب ڈیسک) معروف اداکارہ نمرہ خان نے اُن کے اغواء کے واقعے پر تنقید کرنے والوں کو منہ توڑ جواب دے دیا۔

رپورٹ کےمطابق کراچی کے علاقے ڈیفنس میں اغواء ہونے سے بچنے والی اداکارہ نمرہ خان نے سوشل میڈیا پر اپنا نیا ویڈیو بیان جاری کیا ہے۔نمرہ خان نے اپنے ناقدین سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ مجھے اغواء کے معاملے میں کسی کی بھی ہمدردی اور توجہ کی ضرورت نہیں ہے، آپ لوگ مجھ پر تنقید کرنے کے بجائے جرم پر توجہ دیں۔ اداکارہ نے کہا کہ اغواکاروں کا ٹارگٹ میں نہیں تھی بلکہ میری جگہ کوئی بھی لڑکی ہوسکتی تھی، اُن کے چہروں سے پتا چل گیا تھا کہ وہ نمرہ خان کو نہیں جانتے تھے، اُن کا ٹارگٹ صرف ایک لڑکی تھی اور وہ لڑکی کوئی بھی ہوسکتی تھی۔ اُنہوں نے کہا کہ میں نے سوشل میڈیا پر اپنے لیے آواز نہیں اُٹھائی بلکہ میرا مقصد اُن لڑکیوں کے آواز اُٹھانا تھا جو ہراساں ہونے کے باوجود بھی اپنے والدین، معاشرے یا سوشل میڈیا کے خوف کی وجہ سے خاموش رہتی ہیں۔ نمرہ خان نے مزید کہا کہ براہِ کرم! سب لڑکیاں اپنی حفاظت کریں، ظلم کے خلاف بولیں اور میڈیا والوں سے گزارش ہے کہ مجھ پر توجہ دینے کے بجائے جرم کی روک تھام پر توجہ دیں۔