دریائے راوی کے پل پر صدقے کا گوشت فروخت کرنیوالوں کا قبضہ برقرار

08-15-2024

لاہور: (سامعہ سعید) دریائے راوی کے پل پر صدقے کا گوشت فروخت کرنے والوں کا قبضہ برقرار ہے جبکہ ضلعی انتظامیہ چیل گوشت کی فروخت روکنے میں مکمل ناکام دکھائی دیتی ہے۔

پابندی کے باوجود راوی پل شاہدرہ اور سگیاں پل پر صدقے کا گوشت فروخت کرنے والوں کا قبضہ برقرار ہے، چیل گوشت کی وجہ سے شہر اور اطراف میں چیلوں اور کوؤں کی بہتات ہو گئی ہے، چیلوں اور کوؤں کی بھرمار سے شہر کا حسن بھی ماند پڑنے لگا ہے۔ چیل گوشت فروخت کرنے والوں نے راوی پل پر ڈیرے ڈال رکھے ہیں، صدقے کا گوشت فروخت کرنے والے ٹریفک مسائل کا بھی سبب بن رہے ہیں۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ چیل گوشت  فروخت کرنے والوں کی وجہ سے ٹریفک جام ہو جاتی ہے،چیلوں اور کوؤں کے ٹکرانے سے اکثر حادثات بھی پیش آتے ہیں۔ شہریوں کا مزید کہنا ہے کہ چیل گوشت فروخت کرنے والے گروہ کے خلاف سختی کے ساتھ نمٹنے کی ضرورت ہے، انتظامیہ کو چاہیے کہ اس مافیا کے خلاف  کریک ڈاؤن کرے۔