صوبہ بھر میں صفائی کا یکساں نظام وزیراعلیٰ پنجاب کا ویژن ہے: وزیر بلدیات

08-15-2024

(لاہور نیوز) صوبائی وزیر بلدیات ذیشان رفیق نے کہا ہے کہ صفائی کا یکساں نظام رائج کرنا وزیراعلیٰ پنجاب کا ویژن ہے۔

وزیر بلدیات ذیشان رفیق کی زیر صدارت ویسٹ مینجمنٹ کمپنیوں کے سی ای اوز  کا اجلاس منعقد ہوا جس میں سیکرٹری لوکل گورنمنٹ شکیل احمد میاں اور متعلقہ افسران شریک ہوئے، اجلاس میں  پنجاب میں صفائی کے نظام کی آؤٹ سورسنگ کے منصوبے میں پیشرفت کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس کے دوران گفتگو کرتے ہوئے وزیر بلدیات ذیشان رفیق نے کہا کہ آؤٹ سورسنگ کا مطلب شہریوں کو صفائی کی تحریک میں شامل کرنا ہے، عوام کے تعاون سے صفائی کے چیلنجز سے نمٹا جا سکتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ نئے سسٹم میں محفوظ لینڈ فل سائٹس بنائی جائیں گی، صفائی کی آؤٹ سورسنگ کا عمل اختتامی مراحل پر پہنچ چکا ہے، پائلٹ پراجیکٹ سے 8 ڈویژنز میں صفائی کا کام آؤٹ سورس ہو جائیگا، دیہات کو صفائی اہداف میں شامل کرنے کیلئے اقدامات کررہے ہیں۔ اس موقع پر سیکرٹری لوکل گورنمنٹ شکیل احمدنے کہا کہ تمام سی ای اوز باقاعدگی سے ڈیش بورڈ پر پیشرفت سے متعلق آگاہ کریں، جو نجی کمپنیاں شارٹ لسٹ ہوں، ان کے وسائل کی تفصیل مہیا کی جائے۔