یوم آزادی پر ہماری جماعت کے ساتھ ناروا سلوک کیا گیا: ملک احمد خان بھچر
08-15-2024
(لاہور نیوز) اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی و رہنما تحریک انصاف ملک احمد خان بھچر نے کہا ہے کہ یوم آزادی پر ہماری جماعت کے ساتھ ناروا سلوک کیا گیا۔
لاہور پریس کلب میں ارکان پنجاب اسمبلی اور تحریک انصاف لاہور کی قیادت کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے اپوزیشن لیڈر ملک احمد خان بھچر نے کہا کہ جشن آزادی کے موقع پر ہمارے درجنوں کارکنوں کو حراست میں لیا گیا، ارکان اسمبلی پر مقدمات درج ہوئے، جبر کا یہ سلسلہ زیادہ دیر نہیں چلے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ گزشتہ 16 ماہ سے ہماری جماعت کے خلاف آپریشن کا سلسلہ جاری ہے، تحریک انصاف صرف 9 مئی کی شفاف تحقیقات چاہتی ہے، جلد بڑی احتجاجی تحریک کا آغاز کرنے جارہے ہیں۔ اپوزیشن لیڈر کا مزید کہنا تھا کہ پارلیمنٹ میں شخصیات کی بنیاد پر قانون سازی کی جارہی ہے جو جمہوریت کیلئے شدید نقصان دہ ثابت ہو گی۔