ملکی سالمیت کونقصان پہنچانے والے تمام لوگ شکنجے میں آئیں گے:عطا تارڑ

08-15-2024

(لاہور نیوز) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا تارڑ نے کہا ہے کہ ملکی سالمیت کو نقصان پہنچانے والے تمام لوگ شکنجے میں آئیں گے۔

لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیر اطلاعات عطا تارڑ کا کہنا تھا کہ آئی ایس پی آر کی پریس ریلیز کے مطابق فیض حمید کے بعد آج مزید تین افسران کو گرفتار کیا گیا ہے، فیض حمید اور بانی پی ٹی آئی آپس میں رابطے میں تھے۔ انہوں نے کہا کہ افسران کی گرفتاریوں کےبعد مزید شواہد سامنےآرہے ہیں، ان کےتمام اقدامات ملک میں عدم استحکام لانےکی کوشش تھی، انتشاری ٹولے کے ساتھ ملکر انہوں نے ملک کونقصان پہنچایا، لگتا ہےمزید گرفتاریاں بھی عمل میں لائی جائیں گی۔ وزیر اطلاعات نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کی جیل سےبھی پیغام رسانی کی جارہی تھی،عمران خان کی منشاء سے ملک میں عدم استحکام پھیلایا جارہا تھا، جس نے بھی ملکی سالمیت کونقصان پہنچایا تمام لوگ شکنجےمیں آئیں گے۔ عطا تارڑ کا کہنا تھا کہ  بانی پی ٹی آئی کےکہنے پر تمام چیزیں کی جارہی تھیں، ایک جیل کے افسر کو بھی تحویل میں لیا گیا ہے، کسی کے ساتھ کوئی رعایت نہیں ہونی چاہیے، ملک میں استحکام کےحوالےسےاچھی خبریں آرہی ہیں، انتشاری ٹولے کا احتساب بھی ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایک سیاسی جماعت اور اس کے لیڈر نے ملکی سالمیت پر حملے کئے،  ملک کو غیر مستحکم کرنے اور امن و امان کی صورتحال خراب کرنے کی کسی کو اجازت نہیں دی جا سکتی،  9 مئی کے حملے یا آئی ایم ایف کو خط کا مقصد ملک کو عدم استحکام کا شکار کرنا تھا۔ عطا تارڑ  کا کہنا تھا کہ ایک ادارے نےاحتساب کا عمل شروع کیا جوکہ اچھی بات ہے، خود احتسابی کا عمل ہرادارے کو اپنانا چاہیے، وزیراعظم جلد قوم سے خطاب کریں گے، وزیراعظم قوم سےخطاب کےدوران پانچ سالہ معاشی پلان کا اعلان کریں گے۔ لیگی رہنما  نے مزید کہا کہ ملک کو انتشار سے محفوظ رکھنے اور امن و استحکام کے لئے کاوشیں کی جا رہی ہیں،  وزیراعظم محمد شہباز شریف کی ہدایت پر معاشی و سیاسی استحکام کے لئے بھرپور کوششیں کر رہے ہیں،  عوام کو بجلی کے بلوں میں ریلیف دیں گے۔