پنجاب کے تمام تعلیمی بورڈز کے پوزیشن ہولڈرز کو انعام دینے کا فیصلہ
08-15-2024
(لاہور نیوز) پنجاب کے تمام تعلیمی بورڈز کے پوزیشن ہولڈر طلبہ کو انعام دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی زیر صدارت خصوصی اجلاس ہوا جس میں وزیر تعلیم رانا سکندر حیات، سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب، چیف سیکرٹری زاہد اخترزمان و دیگر حکام نے شرکت کی، دوران اجلاس مریم نواز نے لیپ ٹاپ سکیم کیلئے ضروری اقدامات کی ہدایت کی اور آئی ٹی حب کیلئے فوری اقدامات کا بھی حکم دے دیا۔ اجلاس کےدوران وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے پوزیشن ہولڈرز کو انعام دینے کی منظوری دے دی، وزیراعلیٰ کی ہدایت پر طلبہ کے ایک ایک ٹیچر کو بھی انعام دیا جائے گا،مریم نواز نے طلبہ کیلئے سٹوڈنٹس سکالرشپ کی بھی منظوری دے دی۔ 25ہزار طلبہ کے تمام تعلیمی اخراجات حکومت پنجاب ادا کرے گی، طلبہ کے تعلیمی اخراجات کیلئے سالانہ سوا 100 ارب روپے سے زائد کی رقم خرچ کی جائے گی۔ وزیراعلیٰ مریم نواز کی ہدایت پر طالبات کیلئے ٹرانسپورٹ پروگرام کا بھی آغاز کردیا گیا، پنجاب کے 60گرلز کالجز کو پہلے مرحلے میں بسیں دی جائیں گی، پنجاب کے تمام اضلاع میں آئی ٹی حب کے قیام کی بھی منظوری دے دی گئی۔