اداکاروں،شاعروں اور ادیبوں کیلئے پاکستان سول ایوارڈ کا اعلان ،صدر مملکت نے منظوری دے دی
08-14-2024
(ویب ڈیسک) صدر مملکت آصف علی زرداری نے 78 ویں یوم آزادی کے موقع پر پاکستان کیلئے خدمات کے اعتراف میں 104 پاکستانی و غیر ملکی شخصیات کے لیے سول ایوارڈز کی منظوری دے دی۔
رپورٹ کےمطابق تمام تر افراد کو سول ایوارڈ 23 مارچ 2025 کی تقریب میں دیے جائیں گے۔ سائنس، انجینئرنگ، تعلیم، طب، فنون، ادب، کھیل، سماجی خدمات، انسان دوستی، کاروباری، ٹیکس دہندگان اور برآمد کنندگان، عوامی خدمات، بہادری اور خدمات کے شعبوں میں یہ ایوارڈز دیے جائیں گے۔ اردو کے نامور غزل گو شاعر ناصر کاظمی کیلئے ان کی شاعرانہ خدمات پر نشان امتیاز کا اعلان کیا گیا ہے۔جاوید جبار کیلئے ادب کے شعبے میں ہلال امتیاز کا اعلان ہوا جبکہ سلمیٰ اعوان (ادب)، منیزہ شمسی (ادب)، ظفر وقار تاج (شاعری) کو ستارہ امتیاز دیا جائے گا۔ صدر پرائیڈ آف پرفارمنس کیلئے فنون کے شعبے میں فریحہ پرویز، حامد رانا، شیبا ارشد اور نوید احمد بھٹی اور عنبرین حسیب (ادب) کے ناموں کا اعلان ہوا ہے۔بختیار خٹک (گلوکاری) اور سید جواد حسین جعفری (ادب) کو تمغہ امتیاز سے نوازا جائے گا۔