یوم آزادی: 'سپر ہیروز آف پی ڈبلیو ایل' کی شجرکاری مہم میں بچوں کی بھرپور شرکت

08-14-2024

(لاہور نیوز) یوم آزادی کے موقع پر " سپر ہیروز آف پی ڈبلیو ایل" کی شجرکاری مہم میں بچوں نے بھرپور شرکت کی۔

شہر میں متعدد سرکاری اور نجی اداروں کے زیر اہتمام پاکستان کے 77 ویں یوم آزادی کو منانے کے لیے تقریبات انعقاد کیا گیا، اس دن کو تاریخی عمارتوں پر پرچم کشائی جیسی اہم سرگرمیوں کے ساتھ منایا جاتا ہے۔ یوم آزادی 2024 کی خاص باتوں میں سے ایک پنجاب حکومت کا اقدام "پلانٹ اے ٹری فار پاکستان" ہے جس کا مقصد صاف اور سرسبز ملک کی اہمیت کو اجاگر کرنا ہے۔ پنجاب حکومت کے اس پراجیکٹ میں بچوں نے بھر بڑھ چڑھ کر حصہ لیا اور " سپر ہیروز آف پی ڈبلیو ایل" گروپ کے زیر اہتمام  بچوں نے پارکوں میں پودے لگائے، بچوں نے مادر وطن سے اپنی محبت کا اظہار کرتے ہوئے نہ صرف پودے لگائے بلکہ کوڑا کرکٹ کو ہٹایا اور اسے صحیح طریقے سے ٹھکانے لگایا۔ اس اقدام کے روح رواں سلمان مجاہد نے بتایا کہ بچوں نے جوش و خروش کے ساتھ 100 سے زائد پودے لگائے اور کچرے کے 200 تھیلوں کو مناسب جگہ پر ٹھکانے لگایا۔ انہوں نے کہا کہ اس سرگرمی کا بنیادی مقصد ملک کے کونے کونے کو صاف رکھنے کی سماجی ذمہ داری کے بارے میں لوگوں اور بالخصوص بچوں میں بیداری پیدا کرنا ہے۔ پنجاب حکومت کے درخت لگانے کے اقدام کو سراہتے ہوئے انہوں نے کہا کہ شہریوں کو ماحولیات کے تحفظ اور موسمیاتی تبدیلیوں کے منفی اثرات سے بچنے میں مدد کے لیے اپنی ذمہ داری کا احساس کرنا چاہیے۔ ان کا کہنا تھا کہ بچوں نے اس سال کا یوم آزادی صحت مند بیرونی سرگرمیوں کے ساتھ منایا اور صفائی ستھرائی، راستے میں حائل رکاوٹوں کو دور کرنے، ٹیم ورک، ماحول کی حفاظت، فطرت سے محبت اور سب سے بڑھ کر ملکیت کا احساس سیکھا۔ انہوں نے بتایا کہ تمام بچوں کو (جنہوں نے اس اقدام کے لیے رضاکارانہ طور پر کام کیا) کو ڈسپوزایبل سرجیکل گلوز فراہم کیے گئے، بچوں کو محفوظ اور صحت مند رہنے کے لیے اپنے ہاتھ دھونے کا بھی مشورہ دیا گیا۔