سپیکر پنجاب اسمبلی سے ڈپٹی میئر لندن کی ملاقات،سرمایہ کاری و دیگر امور پر تبادلہ خیال
08-14-2024
(لاہور نیوز) سپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان سے ڈپٹی میئر لندن ملک شکیل اکرم نے ملاقات کی ہے۔
سپیکر چیمبر میں ہونے والی ملاقات میں پاک برطانیہ تعلقات کے فروغ، سرمایہ کاری ، تجارت اور باہمی دلچسپی کے دیگر امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملک محمد احمد خان کا کہنا تھا کہ یہ ہمارے لیے خوشی کی بات ہے ہمارے مسلمان اور پاکستانی بھائی لندن کے ڈپٹی میئر ہیں، برطانیہ کی ترقی میں پاکستانی کمیونٹی کا کردار نہایت اہمیت کا حامل ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ڈپٹی میئر لندن کیلئے پاکستانی نژاد ملک شکیل اکرم کاانتخاب خوش آئند ہے، اُمید ہے شکیل اکرم پاک برطانیہ تعلقات کے فروغ کے لیے اپنی صلاحیتیں بروئے کارلائیں گے۔ اس موقع پر ڈپٹی میئر لندن شکیل اکرم کا کہنا تھا کہ عالمی امن کیلئے پاکستانی خدمات کو برطانیہ قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔