آزادی کی قدر کریں یہ پلیٹ میں رکھ کر نہیں ملی: عظمیٰ بخاری

08-14-2024

(لاہور نیوز)وزیر اطلاعات ونشریات عظمی بخاری نے کہا کہ آزادی کی قدر کریں یہ آزادی ہمیں پلیٹ میں رکھ کر نہیں ملی۔

وزیر اطلاعات پنجاب نے عظمیٰ بخاری نے یوم آزادی پر اپنے پیغام میں کہا کہ پاکستانی قوم کو 77 واں یوم آزادی مبارک ہو پاکستان ہمارے عظیم رہنماؤں اور آباؤ اجداد کی قربانیوں کا صلہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ کہ آزادی کی قدر کریں یہ آزادی ہمیں پلیٹ میں رکھ کر نہیں ملی، اس آزادی کی خاطر ہزاروں قربانیاں دی گئی، قائد اعظم اور ان کے رفقا نے مسلمانوں کے لیے الگ وطن کے قیام کے لیے ناقابل فراموش جدوجہد کی، 14 اگست کا دن ہمیں اپنے عظیم قائد  اور ان کے رفقاء کی جدوجہد یاد دلاتا ہے۔ عظمیٰ بخاری کا کہنا تھا کہ آج کے نوجوان کو آزادی کی شاید اس لیے قدر نہیں کیونکہ یہ کھلی فضا میں سانس لے رہے ہیں، والدین اپنے بچوں کو فتنہ فساد اور خوارج سے بچائیں، یہ فتنہ اور فساد نوجوانوں کے ذہنوں میں پاکستان مخالف نفرت اور پرتشدد سوچ بنا رہا ہے۔ وزیر اطلاعات پنجاب کا مزید کہنا تھا کہ باشعور نوجوانوں کو اس فتنے و فساد کے سامنے سیسہ پلائی دیوار بننا ہوگا، جس کے اپنے بچے لندن میں ہیں وہ قوم کے بچوں کو غلامی کا درس دے رہا ہے، آزادی کی قدر ان کو ہوگی جو پاکستان کو حقیقی معنوں میں قائد اعظم کا پاکستان بنانا چاہتے، قائد اعظم کا مشن نوازشریف کا ویژن ہے اور ان کے مشن کو شہبازشریف اور مریم نواز آگے بڑھارہے ہیں۔