ملک بھر میں 77واں یوم آزادی ملی جوش و جذبے سے منایا گیا

08-14-2024

(لاہور نیوز ) ملک بھر میں آج 77واں یوم آزادی ملی جوش و جذبے سے منایا گیا۔

دن کا آغاز وفاقی دارالحکومت میں 31 اور صوبائی دارالحکومتوں میں اکیس اکیس توپوں کی سلامی سے ہوا، اس موقع پر پاکستان کی سلامتی، ترقی اور خوشحالی کے لیے دعائیں کی گئیں۔ نماز فجر کے بعد مساجد میں ملک کے امن’ سلامتی اور خوشحالی کے لئے خصوصی دعائیں مانگی گئیں۔ جشن آزادی پر مزار قائد اور مزار اقبال لاہور میں گارڈز کی تبدیلی کی پروقار تقاریب منعقد کی گئیں۔ جشن آزادی کی مناسبت سے سرکاری اور نجی عمارتوں کے ساتھ ساتھ گلیوں، بازاروں اور عوامی مقامات کو سرسبز پرچموں اور برقی قمقموں سے روشن کیا گیا جبکہ قومی پرچم، پینٹنگز، بانیان پاکستان کے پورٹریٹس، پوسٹرز اور بینرز بھی جگہ جگہ نظر آئے۔ صدر مملکت کا یوم آزادی پر پیغام  صدرمملکت آصف علی زرداری نے  یوم آزادی پر اپنے پیغام میں کہا کہ جشن آزادی پر عہد کریں کہ عوامی ترقی کیلئے کام کریں گے، پاکستان کو ایک خوشحال ملک بنائیں گے۔ صدر آصف علی زرداری نے پاکستان کے یوم آزادی کے موقع پر پیغام میں کہا کہ پاکستان کے یوم آزادی پر پوری پاکستانی قوم کو مبارکباد پیش کرتا ہوں، یوم آزادی حق خود ارادیت کیلئے ہندوستانی مسلمانوں کی تاریخی سیاسی جدوجہد کا نقطہ عروج ہے۔ وزیراعظم شہبازشریف کا قوم کے نام پیغام  پاکستان کے 77 ویں یوم آزادی پر وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستانی قوم کو دل کی اتھاہ گہرائیوں سے مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ اپنے بیان میں وزیر اعظم نے کہا کہ پوری قوم تحریک پاکستان کے گمنام ہیروز کی قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کرتی ہے، ان ہیروز نے ایک آزاد مملکت کے قیام کے لیے انتھک جدوجہد کی۔ شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان ہمارے اسلاف کی بے مثال قربانیوں کے نتیجے میں دنیا کے نقشے پر ابھرا، گزشتہ کئی دہائیوں کے دوران پاکستان نے اہم سنگ میل عبور کیے ہیں۔ وزیراعظم کا کہنا تھا کہ قدرتی آفات اور معاشی و سماجی مشکلات کے ذریعے پاکستانی قوم کی ہمت اور استقامت کا امتحان لیا گیا، پاکستان کی غیور و بہادر قوم کے عزم اور اتحاد کا جذبہ ہمیشہ غالب رہا۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کی ترقی میں بیرونِ ملک مقیم پاکستانیوں کے کلیدی کردار کو سراہتا ہوں، مجھ سمیت پوری قوم کو آپ کی محنت اور کامیابیوں پر فخر ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ ہماری مسلسل توجہ پاکستان کی اقتصادی ترقی اور معاشی استحکام پر مرکوز ہے، وسیع قدرتی وسائل اور نوجوان افرادی قوت ہمارا حقیقی اثاثہ اور سب سے بڑی طاقت ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم وسیع پیداواری استعداد کے حامل شعبوں میں سرمایہ کاری کو راغب کرنے کے لیے اقدامات کر رہے ہیں، اس سے روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے اور صنعت کاری کی رفتار تیز ہوگی، ہماری حکومت کی اولین ترجیحات میں بین الاقوامی معیار کی تعلیم اور ہنر کی فراہمی شامل ہیں۔ وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان کے پورے ایکو سسٹم کو ڈیجیٹائز کرنے کی بذاتِ خود نگرانی کر رہا ہوں، پاکستان کے ٹیکس کی بنیاد کو وسیع کرنے کی قومی مہم کی بھی خود نگرانی کر رہا ہوں، مختصر عرصے میں ترقی و خوشحالی کے لیے ہماری کوششوں کے مثبت نتائج آنا شروع ہو گئےہیں۔ ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ ملکی معیشت استحکام کی طرف گامزن ہے، بجلی کی قیمتوں میں کمی کے لیے بھرپور کوشش کر رہے ہیں، قوم جلد نتائج دیکھےگی۔ وزیراعظم نے کہا کہ یوم آزادی کے موقع پر اپنی مسلح افواج کا شکریہ ادا کرتا ہوں، افواج پاکستان ہماری سرحدوں اور خودمختاری کی حفاظت کرتی ہیں، افواجِ پاکستان کا ہر قسم کی قربانی دینے کا جذبہ انتہائی احترام اور تعریف کا مستحق ہے۔ انہوں نے کہا کہ یوم آزادی پر مقبوضہ کشمیر اور فلسطین کے بہادر بہن بھائیوں کو بھی یاد کرتے ہیں، غیور کشمیری 7 دہائیوں سے اپنے حق خودارادیت کے لیے برسر پیکار ہیں۔ وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان مقبوضہ کشمیر کے عوام کی مکمل اخلاقی، سیاسی اور سفارتی حمایت جاری رکھےگا، پاکستان فلسطینیوں کی بھی ان کے جائز حقوق کے حصول تک حمایت جاری رکھے گا۔