126ممالک کیلئے پاکستان کی ویزا پالیسی کا اجرا آج ہو گا
08-13-2024
(لاہور نیوز ) وزیر اطلاعات و نشریات عطا تارڑ نے کہا ہے کہ آج رات 12 بجے پاکستان کی ویزا پالیسی کا اجراء کیا جا رہا ہے۔
وزیر اطلاعات و نشریات عطا تارڑ کا پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہنا تھا کہ دنیا کے 126 ممالک کے لئے ویزا فیس ختم کر دی گئی ہے، ویزا دینے کا عمل انتہائی آسان بنا دیا گیا ہے، پاکستان کے لئے ویزا 90 دن کے لئے ہوگا، 126 ممالک کے لوگ ایک سادہ فارم پُر کر کے آسانی سے ویزا حاصل کر سکیں گے۔ عطا تارڑ نے کہا کہ ویزا فارم میں صرف 30 سوالات ہیں جن کا جواب دینے پر فوری طور پر ویزا جاری کر دیا جائے گا، ہمارا ملک خوبصورت ہے، ہم چاہتے ہیں کہ بیرون ملک سے سیاح یہاں آئیں، اللہ تعالیٰ نے ہمارے ملک کو ہر نعمت سے نوازا ہے۔ان کا مزید کہنا تھا کہ خلیجی ممالک کے رہائشی صرف پاسپورٹ لے کر پاکستان آئیں گے تو فوری ویزا جاری کر دیا جائے گا، پاکستان کے دروازے دنیا کے لئے کھولے جا رہے ہیں۔