ترقیاتی کام مکمل نہ ہونے کے باعث چڑیا گھر کا افتتاح ایک بار پھر تاخیر کا شکار

08-13-2024

لاہور: (سامیا سعید) ترقیاتی کام مکمل نہ ہونے پر چڑیا گھر کا افتتاح ایک بار پھر تاخیر کا شکار ہو گیا۔

7 نومبر 2023 سے اپ گریڈیشن کے لیے بند کیا گیا لاہور کا چڑیا گھر عیدالاضحیٰ کے موقع پر شہریوں کی تفریح کے لیا کھول تو دیا گیا تھا مگرچند حصوں کاکام نامکمل ہونے کے باعث ان جگہوں پر داخلہ منع کر دیا گیا تھا۔ انتظامیہ کا کہنا تھا کہ  چڑیا گھر کا افتتاح  14 اگست کو وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز سے کروایا جائے گا اور چڑیا گھر کو عوام کیلئے مکمل طور پر کھول دیا جائے گا۔ ترقیاتی کام مکمل نہ ہونے کے باعث ایک بار پھر انتظامیہ کی جانب سے  چڑیا گھر کا افتتاح منسوخ کر دیا گیا ہے، لاہور چڑیا گھر کے ہولوگرام کا  کام تاحال مکمل نہیں ہو سکا جس وجہ سے افتتاح نہیں کروایا جا رہا۔ دوسری جانب لاہور چڑیا گھر کے ڈائریکٹر عظیم ظفر کا تبادلہ ملتان کر دیا گیا اور نئے ڈائریکٹر شیخ زاہد اقبال نے  چڑیا گھر کا چارج سنبھال لیا ہے۔