کمشنر لاہور نے ناصر باغ میں پی ایچ اے کی نمائش کا افتتاح کردیا

08-13-2024

(لاہور نیوز) کمشنر لاہور زید بن مقصود نے ناصر باغ میں پی ایچ اے کی نمائش کا افتتاح کردیا۔

کمشنر لاہور زید بن مقصود نے ناصر باغ میں پی ایچ اے کی آرٹ گیلری کا دورہ کیا، زید بن مقصود نے ڈی جی پی ایچ اے  طاہر وٹو کے ہمراہ "پانی، پودے اور ماحولیات" نمائش کا افتتاح کیا، کمشنر لاہور نے نمائش میں رکھے گئے فن پاروں کے تخلیقی معیار کی تعریف بھی کی۔ کمشنر لاہور کا کہنا تھا کہ فنکار اور تخلیق کار کسی بھی معاشرے کا قیمتی اثاثہ ہیں، فنکار اپنے تخلیقی ابلاغ کے ذریعے معاشرے میں رواداری اور برداشت عام کریں۔ انہوں نے مزید کہا کہ پی ایچ اے کی جانب سے تاریخی ناصر باغ میں آرٹ گیلری کا قیام قابل ستائش ہے۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے ڈی جی پی ایچ اے طاہر وٹو کا کہنا تھا  کہ پی ایچ اے شہر کے سبز کور میں اضافے کے لئے سرگرم عمل ہے۔