حکومت کا سپیڈو بس کی سروس کو بڑھانے کا اعلان

08-13-2024

(لاہور نیوز) پنجاب حکومت نے سپیڈو بس کی سروس میں توسیع کا اعلان کردیا۔

ڈیڑھ سال قبل سپیڈو بس  کی سروس بڑھانے کا اعلان کیا گیا لیکن حکومتی اعلان زبان جمع خرچ ثابت ہوا، وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے اعلان کے ایک ماہ بعد بھی منصوبے پر عمل نہ ہوسکا۔ وزیراعلیٰ پنجاب نے سپیڈو بس کا روٹ شیخوپورہ اور مریدکے تک چلانے کا حکم دیا، اس حوالے سے  وزیراعلیٰ پنجاب کی جانب سے ماس ٹرانزٹ اتھارٹی کو احکامات بھی جاری کیے گئے۔ ماس ٹرانزٹی نے شیخوپورہ اور مریدکے کی حدود میں سپیڈو بس چلانے سے انکار کرتے ہوئے جواب دیا کہ قانون کے مطابق ماس ٹرانزٹ اتھارٹی کا دائرہ کار لاہور کی حدود تک ہے،پی ایم اے انتظامیہ ماس ٹرانزٹ سسٹم کی کوئی بھی سروس لاہور کی حدود سے باہر شروع نہیں کر سکتی۔ پی ایم اے کا مزید کہنا تھا کہ  لاہور کے علاوہ دیگر شہروں میں ٹرانسپورٹ چلانے کی ذمہ داری محکمہ ٹرانسپورٹ پنجاب کی ہے، سپیڈو بس سروس محکمہ ٹرانسپورٹ پنجاب کے زیر انتظام نہیں چل رہی۔ اب ماس ٹرانزٹ اتھارٹی کے بورڈ آف ڈائریکٹرز نے  دیگر شہروں میں بھی سپیڈو بس سروس شروع کرنے کی منظوری دے دی ہے، منظوری کے بعد شیخوپورہ اور مریدکے میں سپیڈو بس چلانے کے لیے ماس ٹرانزٹ سسٹم کا دائرہ کار بڑھایا جائے گا۔ بورڈ آف ڈائریکٹرز کی منظوری سے سپیڈو بسیں محکمہ ٹرانسپورٹ کے حوالے کی جائیں گی۔