یوم آزادی پر ون ویلرز سے نمٹنے کیلئے ٹریفک پولیس کی تیاریاں مکمل

08-13-2024

(لاہور نیوز) یومِ آزادی پر ون ویلرز سے نمٹنے کے لیے ٹریفک پولیس نے حکمت عملی تیار کر لی۔

چیف ٹریفک آفیسر (سی ٹی او ) لاہور عمارہ اطہر  نے کہا  ہے کہ ون ویلرز اور ان کے سہولت کار موٹر مکینکس کے خلاف مقدمہ درج ہوگا، ون ویلرز کی موٹرسائیکل تیار کرنے والے مکینکس  کو جیل کی ہوا بھی کھانی پڑے گی۔ انہوں نے کہا کہ 18 سال سے کم عمر ڈرائیورز کی موٹرسائیکلیں تھانوں اورٹریفک سیکٹرز میں بند کروائی جائیں گی،بغیر ہیلمٹ اور تیز رفتاری سمیت 19 دیگر ٹریفک خلاف ورزیوں پر آرٹیفشل انٹیلی جنس سسٹم کارروائی کرے گا۔ عمارہ اطہر نے مزید بتایا کہ مصروف اور اہم شاہراہوں پر 50 سے زائد عارضی ناکہ جات قائم ہوں گے،ایس پیز کی سپرویژن میں 12 ڈی ایس پیز اور  600 سینئر ٹریفک وارڈنز تعینات ہوں گے جبکہ  22 فوک لفٹرز،3 بریک ڈاؤنز اور 3 ہزار سے زائد ٹریفک اہلکار فرائض انجام دیں گے۔ سی ٹی او لاہور عمارہ اطہر کا مزید کہنا تھا کہ جشن آزادی کے دوران خواتین کو ہراساں کرنے والوں کے خلاف بھی مقدمات درج کروائیں گے۔