پنجاب حکومت پہلی بار ورلڈ اکنامک فورم میں شرکت کرے گی:چودھری شافع حسین

08-13-2024

(لاہور نیوز) صوبائی وزیر صنعت و تجارت چودھری شافع حسین نے کہا ہے کہ پنجاب حکومت پہلی بار ورلڈ اکنامک فورم میں شرکت کرے گی۔

صوبائی وزیر صنعت و تجارت چودھری شافع حسین سے یوکے پاکستان ٹریڈ اینڈ انویسٹمنٹ بورڈ کے نمائندہ وفد نے ملاقات کی، وفد کی قیادت بورڈ کے ایم ڈی اظہر وڑائچ کر رہے تھے، ملاقات میں اگلے سال جنوری میں سوئٹزرلینڈ میں ہونے والے ورلڈ اکنامک فورم میں پنجاب کی شرکت کے امور پر بات چیت کی گئی۔ چودھری شافع حسین نے کہا کہ حکومت ورلڈ اکنامک فورم میں پنجاب پویلین بنائے گی، صوبائی وزیر نے ایوان ہائے صنعت و تجارت سے روابط کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ پرائیویٹ سیکٹر کو بھی پنجاب پویلین میں شرکت کی دعوت دی جائے۔ انہوں نے کہا کہ ورلڈ اکنامک فورم میں شرکت سے پنجاب میں نئی سرمایہ کاری آئے گی، ورلڈ اکنامک فورم میں پنجاب کی شرکت کے لئے تیزی سے اقدامات کئے جائیں، برطانیہ کے ساتھ تجارت بڑھانے کی ضرورت ہے۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ پنجاب کے سپیشل اکنامک زونزز میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں، ٹیکسٹائل سیکٹر کے فروغ کے لئے قائداعظم بزنس پارک شیخوپورہ میں گارمنٹس سٹی بنایا جا رہا ہے۔ اس موقع پر ایم ڈی یوکے پاکستان ٹریڈ اینڈ انویسٹمنٹ بورڈ اظہر وڑائچ نے آئندہ سال جنوری میں ہونے والے ورلڈ اکنامک فورم کی تفصیلات سے آگاہ کیا، انہوں نے کہا کہ ورلڈ اکنامک فورم میں پنجاب کی شرکت سے باہمی اشتراک کے معاہدے ہوسکتے ہیں۔ پنجاب سرمایہ کاری بورڈ کے کمیٹی روم میں ہونے والی ملاقات میں متعلقہ افسران بھی موجود تھے۔