ایف آئی اے چھاپہ، حوالہ ہنڈی کے بین الاقوامی گینگ سے منسلک 3 ملزمان گرفتار
08-13-2024
(لاہور نیوز) ایف آئی نے چھاپہ مار کارروائی کے دوران بین القوامی گینگ سے منسلک حوالہ ہنڈی کے کاروبار میں ملوث 3 ملزمان گرفتار کر لئے۔
ایف آئی اے گوجرانوالہ کے مطابق گرفتار ملزمان میں بینک اہلکار بھی شامل ہیں، ملزمان کی شناخت فیصل ندیم، مجاہد سلیم اور محمد عثمان کے نام سے ہوئی اور انہیں ڈنگہ کھاریاں سے گرفتار کیا گیا ہے۔ ایف آئی اے کا کہنا ہے کہ ملزمان سے مجموعی طور پر 2 کروڑ 13 لاکھ سے زائد پاکستانی روپے، موبائل فونز، رجسٹرز اور اے ٹی ایم کارڈز برآمد کر لئے گئے ہیں۔ ایف آئی اے کے مطابق ملزمان حوالہ ہنڈی کے بین الاقوامی نیٹ ورک سے منسلک تھے، ان کے گینگ کے دیگر ساتھی بیرون ملک سے آپریٹ کر رہے ہیں جبکہ ملزمان کسی قسم کا لائسنس پیش کرنے میں بھی ناکام رہے ہیں۔ ایف آئی اے حکام کا کہنا تھا کہ ملزمان برآمد ہونے والی بھاری رقوم کے حوالے سے حکام کو مطمئن نہیں کر سکے، گرفتار ملزمان کیخلاف مقدمہ درج کر کے مختلف پہلوؤں پر تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔