الیکشن ترمیمی ایکٹ 2024 کیخلاف لاہور ہائیکورٹ میں ایک اور درخواست دائر

08-12-2024

(لاہور نیوز) الیکشن ترمیمی ایکٹ 2024 کے خلاف لاہور ہائیکورٹ میں ایک اور درخواست دائر کر دی گئی۔

شہری منیر احمد نے ایڈووکیٹ اظہر صدیق کی وساطت سے لاہور ہائیکورٹ میں درخواست دائر کی جس میں وفاقی حکومت، الیکشن کمیشن سمیت مختلف سیاسی جماعتوں کو فریق بنایا گیا ہے۔ درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ ایکٹ کے ذریعے سپریم کورٹ کے مخصوص نشستوں کے فیصلے کو ختم کرنے کی کوشش کی گئی ہے، الیکشن ترمیمی ایکٹ 2024 کا اطلاق ماضی سے نہیں ہو سکتا۔ لاہور ہائیکورٹ میں دائر درخواست میں استدعا کی گئی کہ الیکشن ترمیمی ایکٹ 2024 کو غیر آئینی قرار دیا جائے اور درخواست کے حتمی فیصلے تک پی ٹی آئی کے علاوہ کسی دوسری سیاسی جماعت کو مخصوص نشستیں دینے سے روکا جائے۔ واضح رہے کہ 9 اگست کو بھی الیکشن ترمیمی ایکٹ 2024 کے خلاف لاہور ہائیکورٹ میں درخواست دائر کی گئی تھی جس میں وفاقی حکومت، الیکشن کمیشن، صدر اور وزیراعظم کو فریق بنایا گیا تھا۔ دائر درخواست میں موقف اختیار کیا گیا تھا کہ سپریم کورٹ کے فیصلے کو ختم کرنے کیلئے الیکشن ایکٹ میں چار ترامیم کی گئیں، ترمیمی ایکٹ بحث کئے بغیر اور متعلقہ کمیٹی کی منظوری کے بغیر پاس کیا گیا، استدعا ہے کہ عدالت الیکشن ایکٹ 2024 کے سیکشنز 1,2,3 اور چار کو کالعدم قرار دے اور حتمی فیصلے تک ترمیمی ایکٹ پر عملدرآمد روکا جائے۔