وزیراعظم کا شہید لیفٹیننٹ عزیر محمود ملک کو خراج عقیدت پیش

08-11-2024

(لاہورنیوز) وزیراعظم محمد شہباز شریف نے چند روز پہلے وادی تیراہ میں خوارجی دہشتگردوں کے خلاف کارروائی میں زخمی ہونے والے لیفٹیننٹ عزیر محمود ملک کی شہادت پر انہیں خراج عقیدت پیش کیا۔

وزیراعظم نے شہید کی بلندی درجات اور اہل خانہ کیلئے صبر جمیل کی دعا کی، انہوں نے کہا کہ لیفٹیننٹ عزیر محمود ملک نے جوانوں کی قیادت کرتے ہوئے 4 خوارجی دہشتگردوں کو جہنم واصل کیا، پاک فوج کے افسران و جوان پاکستان کی سرزمین کو فتنہ الخوارج سے پاک کر رہے ہیں۔ محمد شہبازشریف نے مزید کہا کہ مجھ سمیت پوری قوم پاک فوج کے بہادر افسروں اور جوانوں کو خراج تحسین پیش کرتی ہے، دہشتگردی کے خلاف جنگ میں پاکستانی قوم افواج پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔وزیراعظم نے مزید کہا کہ ہمارے شہداء اور ان کے اہل خانہ پوری قوم کا فخر ہیں۔