فورسز کے بہادر جوانوں نے لازوال قربانیاں دیکر تاریخ رقم کی : محسن نقوی
08-11-2024
(لاہور نیوز) وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے وادی تیراہ میں خوارج کے ساتھ جھڑپ میں شہید لیفٹیننٹ عزیر محمود ملک کو خراج عقیدت پیش کیا ہے۔
وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے شہید لیفٹیننٹ عزیر محمود ملک کے خاندان سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ شہید لیفٹیننٹ عزیر محمود ملک نے بہادری کے ساتھ خارجی دہشتگردوں کا مقابلہ کیا اور 4 خارجی دہشتگردوں کو جہنم واصل کیا۔ محسن نقوی نے کہا کہ شہید لیفٹیننٹ عزیر محمود ملک نے اپنی قیمتی جان دے کر خارجی دہشتگردوں کے مذموم عزائم کو خاک میں ملایا، ان کی عظیم قربانی کو سلام پیش کرتے ہیں، شہید لیفٹیننٹ عزیر محمود ملک جیسے بہادر سپوت قوم کا فخر ہیں۔ وفاقی وزیرداخلہ نے مزید کہا کہ شہید لیفٹیننٹ عزیر محمود ملک نے شہادت کا بلند رتبہ پایا، دہشتگردی کے خلاف جنگ میں سکیورٹی فورسز کے بہادر افسروں اور جوانوں نے لازوال قربانیاں دے کر تاریخ رقم کی ہے، شہداء کی قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔