کوشش ہوگی ارشد ندیم کی طرح قوم کو خوشیاں دیں: شان مسعود

08-11-2024

(لاہور نیوز) قومی ٹیسٹ ٹیم کے کپتان شان مسعود نے کہا ہے کہ کوشش کریں گے ارشد ندیم کی طرح قوم کو خوشیاں دیں۔

راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے قومی ٹیم کے کپتان شان مسعود کا کہنا تھا کہ  بنگلا دیش کے خلاف ٹیسٹ سیریز کے لیے بھرپور پریکٹس کر رہے ہیں،  کوچز جیسن گلیسپی اور گیری کرسٹن سے بہت کچھ سیکھنے کو مل رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ  ٹیم کے ریڈ بال اور وائٹ بال کوچز بہترین ہیں، بہت اچھا موقع ہے کوچز کے ساتھ کام کرنے کو مل رہا ہے،  9 ٹیسٹ میچز میں سے زیادہ میچز جیتنا ہوں گے۔ شان مسعود کا کہنا تھا کہ  ٹیم مینجمنٹ  میں کافی تبدیلیاں ہوئی ہیں،گزشتہ 10 ماہ سے ٹیسٹ کرکٹ نہیں کھیلی،  آسٹریلیا سے سیریز اچھی کھیلی لیکن جیتے نہیں۔ انہوں نے کہا کہ کسی بھی شعبے میں پاکستان کی نمائندگی کرنا باعثِ فخر ہے،  ٹیسٹ کرکٹ سب سے زیادہ چیلنجنگ ہوتی ہے، کھلاڑیوں کو لیگ اور فرنچائز کرکٹ کھیلنے کا تجربہ ہے، بنگلادیش کو ہلکی ٹیم تصور نہیں کریں گے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ  پاکستان اپنے سٹائل کے ساتھ ٹیسٹ کرکٹ کھیلے گا، ارشد ندیم قومی ہیرو ہیں،  ایسی کرکٹ کھیلیں گے جس سے پاکستانی شائقینِ کرکٹ کو ارشد ندیم کی طرح خوشیاں دے سکیں۔