گولڈ میڈلسٹ ارشد ندیم کے ساتھ بھارتی و غیرملکی شائقین کی سیلفیاں

08-10-2024

(ویب ڈیسک) پیرس اولمپکس میں ریکارڈ ساز تھرو کرنے والے ارشد ندیم نے بھارتی و غیر ملکی مداحوں کے دل بھی جیت لیے۔

جیولین تھرو مقابلے میں گولڈ میڈل حاصل کرنے کے بعد نوجوان اولمپیئن ارشد ندیم نے گراؤنڈ کا چکر لگایا تاہم اس دوران انہوں نے غیر ملکی فینز کے ہمراہ سیلفیاں بھی بنوائیں، جس کی تصاویر سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہورہی ہیں۔ میدان کا چکر لگانے کے دوران ارشد نے خصوصی طور پر بھارتی پرچم اٹھائے مداح کے ساتھ تصویر بنوائی جس پر انہیں خوب داد دی جارہی ہے۔ اسی طرح میدان میں موجود بچوں کو آٹو گراف بھی دیئے جس نے انکی مقبولیت میں مزید اضافہ کیا۔ واضح رہے کہ اولمپکس گیمز میں پاکستان نے  آخری مرتبہ 8 اگست 1992 میں کانسی کا تمغہ ہاکی ایونٹ میں حاصل کیا تھا جبکہ آخری گولڈ میڈل بھی ہاکی کی ہی بدولت 1984 میں حاصل ہوا تھا۔