پنجاب حکومت اور چین کی سولر انرجی کمپنی آئکو کے مابین معاہدہ طے
08-10-2024
(لاہور نیوز) پنجاب حکومت اور چین کی سولر انرجی کمپنی آئکو کے مابین معاہدہ طے پا گیا۔
صوبائی وزیر صنعت و تجارت چودھری شافع حسین نے کہا ہے کہ چین کی کمپنی آئکو پنجاب میں سولر پینلز مینوفیکچرنگ اور اسمبلنگ کا پہلا پلانٹ لگائے گی، اب سولر پینلز پنجاب میں بنیں گے، مقامی مارکیٹ میں فراہم کریں گے اور ایکسپورٹ بھی ہوں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ بھارت سولر پینلز بنا رہا ہے اور ہر سال ایک ارب ڈالر کے سولر پینلز تیار کر کے برآمد بھی کر رہا ہے، انڈسٹری اور گھروں کو مہنگی بجلی سے نجات دلانے کا واحد حل سولر انرجی کا فروغ ہے۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ 5 ماہ میں 21 سے زائد غیر ملکی سولر انرجی کمپنیوں سے مل چکا ہوں، متعدد کمپنیوں نے پنجاب میں سولر انرجی سیکٹر میں سرمایہ کاری میں دلچسپی ظاہر کی ہے، غیر ملکی کمپنیوں کے ساتھ سولر انرجی سیکٹر میں اشتراک بھی کریں گے۔ شافع حسین کا کہنا تھا کہ پنجاب میں 7 ہزار ٹیوب ویلوں کو سولر انرجی پر منتقل کرنے کی منصوبہ بندی کی جا رہی ہے، حکومت کم آمدنی والے افراد کو مفت اور قسطوں پر سولر پینلز دے گی۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ قائداعظم بزنس پارک شیخوپورہ میں ساڑھے 600 ایکڑ رقبے پر گارمنٹ سٹی بنایا جا رہا ہے، گارمنٹ سٹی بھی سولر انرجی پر ہوگا، انڈسٹری، گھروں اور اداروں کو سستی بجلی کی فراہمی کیلئے مل کر کام کریں گے۔ شافع حسین کا مزید کہنا تھا کہ پنجاب میں سولر پینلز کی ٹیسٹنگ لیب بھی بنائیں گے، ہرادارہ محنت سے کام کرے تو آئی ایم ایف سمیت کسی مالیاتی ادارے سے قرض لینے کی ضرورت نہ پڑے۔