وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر آٹے کی قیمت میں مزید کمی

08-10-2024

(لاہور نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی ہدایت پر آٹے کی قیمتوں میں مزید کمی کردی گئی۔

وزیرخوراک پنجاب بلال یاسین نے کہا ہے کہ صوبہ بھر میں آٹے کے تھیلوں کی قیمت میں کمی کا نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا ہے۔ بلال یاسین نے بتایا ہے کہ لاہور میں آٹے کے 20 کلوگرام تھیلے کی قیمت میں مزید 70 روپے کمی کی گئی ہے جس کے بعد لاہور میں آٹے کا 20 کلوگرام کا تھیلا عام مارکیٹ میں 1800 روپے کی بجائے 1730 میں فروخت کیا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ شیخوپورہ میں 20 کلوگرام آٹے کا تھیلا 100 روپے مزید سستا ہو کر 1640 روپے میں ملے گا، جہلم، چکوال، پاکپتن اور نارووال میں 80 روپے جبکہ ملتان، ساہیوال، سرگودھا اور اٹک میں آٹے کے تھیلے کی قیمت میں 60 روپے مزید کمی کی گئی ہے۔ صوبائی وزیر خوراک نے کہا کہ راولپنڈی، حافظ آباد، سیالکوٹ، ننکانہ، اوکاڑہ میں 20 کلوگرام آٹے کی قیمت میں 50 روپے کمی کی گئی ہے جبکہ ٹوبہ ٹیک سنگھ، جھنگ، چنیوٹ، خوشاب،بھکر، لودھراں، راجن پور، مظفر گڑھ، لیہ اور رحیم یار خان میں آٹے کا تھیلا 40 روپے سستا ملے گا۔ بلال یاسین کا مزید کہنا تھا کہ فیصل آباد،گوجرانوالہ، گجرات، وزیرآباد اور منڈی بہاؤالدین میں 20 کلو آٹے کے تھیلے کی قیمت میں 30 روپے کمی کی گئی ہے، بہاولپور، بہاولنگر، ڈی جی خان، خانیوال، وہاڑی اور میانوالی میں  20 کلو آٹے کے تھیلے کی قیمت میں 20 روپے کمی آئی ہے۔