معمر جوڑے کو قتل کرکے جائیداد ہتھیانے کی کوشش ناکام،پولیس نے ملزمان کو گرفتار کرلیا

08-09-2024

(ویب ڈیسک) لاہور پولیس نے بوڑھے میاں بیوی کو اغوا کرکے جائیداد ہتھیانے اور انہیں قتل کی کوشش کرنے والے دو ملزمان کو گرفتار کرلیا جبکہ دو فرار ہوگئے۔

رپورٹ کے مطابق ایس پی ماڈل ٹاؤن اخلاق اللہ تارڑ نے ماڈل ٹاؤن ہیڈ کوارٹرز میں پرس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ بوڑھے میاں بیوی کو قتل کرنے اور جائیداد ہڑپ کرنے کی کوشش ہوئی ہے، ماڈل ٹاؤن پولیس نے مددگار 15 کی کال پر کارروائی کرتے ہوئے سی بلاک سے دو ملزمان گرفتار کرلیے۔ انہوں نے  بتایا کہ متاثرہ شخص افتخار نیشنل فرٹیلائزر سے ریٹائرڈ ہے جس نے 2 پلاٹ  نجی سوسائٹی میں لے رکھے ہیں،پراپرٹی ڈیلر عدنان نے دیگر 3 ساتھیوں سے مل کر کروڑوں کی جائیداد ہتھیانے کا پلان بنایا، پلان کے مطابق واردات کے بعد میاں بیوی کو قتل کرکے خودکشی کا سین بنانا تھا۔ ایس پی نے بتایا کہ ملزم نے 30 جولائی کو 60 سالہ افتخار، 55 سالہ عاصمہ کو پلاٹس کے ٹرانسفر کیلئے بلایا، ملزمان نے بہانے سے میاں بیوی کو  نجی سوسائٹی میں واقع گھر میں لے جا کر یرغمال بنایا، ملزمان نے گن پوائنٹ پر پہلے 80 لاکھ روپے اپنے اکاؤنٹ میں ٹرانسفر کروائے،ملزمان نجی سوسائٹی والے پلاٹس اور دیگر جائیداد کی دستاویزات کیلئے متاثرہ شہری کے ساتھ دوسرے گھر آئے،موقع پاکر خاتون نے شور کیا جس پر ملزمان نے فرار ہونے کی کوشش کی اور پولیس کی کارروائی سے دو ملزمان گرفتار ہوگئے اور دو فرار ہوگئے۔ انہوں نے بتایا کہ گرفتار ملزمان میں مرکزی ملزم عدنان اور عمران شامل،ملزمان سے 80 لاکھ روپے، پلاٹس کی فائلیں دیگر پیپرز برآمد ہوئے،مقدمہ درج کرلیا گیا۔