صوبہ سندھ میں کپاس کی پیداوار کی صورتحال کیا ہے؟جانئے

08-09-2024

(ویب ڈیسک) سندھ میں کپاس کی پیداوار میں غیرمعمولی کمی کے باعث کاٹن سیکٹر میں تشویش کی لہر دوڑ گئی، 31 جولائی تک سندھ میں کپاس کی پیداوار 47 فیصد گھٹنے کے باعث کپاس کی مجموعی قومی پیداوار میں بھی ایک بار پھر ریکارڈ کمی کے خدشات پیدا ہوگئے۔

چیئرمین کاٹن جنرز فورم احسان الحق نے بتایا ہے کہ رواں سال سندھ کے بیشتر کاشت کاروں کی جانب سے کپاس کے تصدیق شدہ بیج کے بجائے مختلف قسم کے نئے، غیر معیاری اور غیر تصدیق شدہ کپاس کے بیج کی زیادہ کاشت کے باعث سندھ میں کپاس کی پیداوار میں نمایاں کمی دیکھی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سندھ کے بڑے کاٹن زونز سانگھڑ، بدین، میرپور خاص، حیدر آباد اور عمر کوٹ جہاں گزشتہ برس کپاس کی اگیتی کاشت کے باعث سندھ میں کپاس کی غیر معمولی پیداوار سامنے آئی تھی اور کپاس کی پیداوار ہدف 40لاکھ گانٹھوں کے مقابلے میں ریکارڈ 41.14 لاکھ گانٹھوں کی پیداوار ہوئی تھیں جو کہ سال 2022-23 کے مقابلے میں 119فیصد زائد تھی لیکن رواں سال بیشتر زمینداروں کی جانب سے مختلف کاشتکاروں یا نجی طور پر بیج بنانے والے افراد سے نئی نئی اقسام کے غیر تصدیق شدہ بیج کاشت کرنے سے سندھ میں کپاس کی پیداوار میں غیر معمولی کمی دیکھی جا رہی ہے جس سے کپاس کی مجموعی پیداوار بھی متاثر ہونے کے خدشات نظر آرہے ہیں۔