بشریٰ انصاری سابق شوہر کے حق میں بول اٹھیں، سینئر اداکارہ نے بڑا بیان دے دیا

08-09-2024

(ویب ڈیسک) سینئر اداکارہ بشریٰ انصاری نے کہا ہے کہ وہ اپنے سابق شوہر اقبال انصاری کے خلاف کسی کو بات نہیں کرنے دیتیں اور اگر کوئی کچھ بُرا کہنے کی کوشش بھی کرتا ہے تو وہ اُنہیں روک دیتی ہیں۔

تفصیلات کےمطابق اپنے ایک انٹرویو میں اداکارہ بشریٰ انصاری کا کہناتھا کہ لوگ میرے سابق شوہر اقبال انصاری کے بارے میں غلط باتیں کرتے ہیں کہ وہ ظالم تھے یا بُرے شوہر تھے، اسی وجہ سے شادی نہیں چل سکی۔ اُنہوں نے کہا کہ اخلاقی طور پر میرا یہ فرض بنتا ہے کہ لوگوں کو اقبال انصاری کے خلاف باتیں کرنے سے منع کروں اور میں ایسا ہی کرتی ہوں، اگر کوئی میرے سامنے اُن کے بارے میں غلط بات کرتا ہے تو میں فوری روک دیتی ہوں۔ بشریٰ انصاری نے کہا کہ اقبال انصاری میری بیٹیوں کے باپ ہیں اور وہ ایک بہت اچھے والد ہیں، وہ ہمیشہ اپنی بیٹیوں کے ساتھ کھڑے رہتے ہیں، حالات چاہے جیسے بھی ہوں اُنہوں نے اپنی بیٹیوں کا ساتھ نہیں چھوڑا۔سینئر اداکارہ کامزید کہنا تھا کہ اقبال انصاری اور میرے درمیان جو بھی مسائل تھے وہ ہمارے ذاتی تھے، لوگوں کو کوئی حق نہیں کہ وہ اقبال انصاری کے خلاف باتیں کریں۔