نویں جماعت کے امتحانی نتائج کا اعلان، لڑکیاں پھربازی لے گئیں
08-09-2024
(لاہور نیوز) بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن لاہور نے نویں جماعت کے امتحانات کے نتائج کااعلان کردیا، لڑکیوں نے روایت برقرار رکھتے ہوئے اس بار بھی میدان مارلیا۔
نویں جماعت کے امتحانات کے نتائج کااعلان کنٹرولر امتحانات زاہد میاں اور سیکرٹری لاہور بورڈ بشریٰ بی بی نے کیا ۔ کنٹرولر امتحانات زاہد میاں نے نتائج کا اعلان کرتے ہوئے بتایا کہ لاہور بورڈ کے زیر اہتمام امتحانات میں 2 لاکھ 86 ہزار 969 امیدوار شریک ہوئے جن میں سے ایک لاکھ 59ہزار سے زائد امیدوار فیل ہوگئے جبکہ کامیابی کا تناسب گزشتہ سال کی نسبت پانچ فیصد کم ہوکر 44.54 فیصد پرآگیا۔ اس سال بھی لڑکیاں لڑکوں پر بازی لے گئیں،نویں جماعت کے امتحانی نتائج میں لڑکیوں کی کامیابی کا تناسب52.97 فیصد رہا جبکہ صرف 35 فیصد لڑکے کامیاب ہوسکے۔ کنٹرولر امتحانات کا مزید کہناتھا کہ اس بار امتحانی نتائج اور نظام میں مزید شفافیت لائے ہیں۔