صوبائی ترقیاتی ورکنگ پارٹی کا اجلاس، متعدد ترقیاتی منصوبوں کیلئے فنڈز کی منظوری

08-09-2024

(لاہور نیوز) صوبائی ترقیاتی ورکنگ پارٹی نے متعدد ترقیاتی منصوبوں کیلئے 11 ارب 77 کروڑ روپے کے فنڈز کی منظوری دے دی۔

چیئرمین پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ بورڈ بیرسٹر نبیل احمد اعوان کی زیر صدارت صوبائی ترقیاتی ورکنگ پارٹی کا 15واں  اجلاس ہوا جس میں  سیکرٹری پی اینڈ ڈی بورڈ ڈاکٹر آصف طفیل، ممبران پی اینڈ ڈی بورڈ اور متعلقہ سیکٹرز کے افسران بھی شریک ہوئے۔ اجلاس میں صوبائی ترقیاتی ورکنگ پارٹی نے 11 ارب 77کروڑ روپے کے فنڈز منظور کر لیے۔ چونیاں تا جمبر روڈ کو دو رویہ کرنے کیلئے  2 ارب 52کروڑ 50 لاکھ جبکہ سمندری ساہیوال روڈ کی بہتری کیلئے 2 ارب 71کروڑ روپے کی منظوری دی گئی، چوا چوک چکوال سے چوابائی پاس تک روڈ کی بہتری کیلئے 2 ارب 40کروڑ روپے کے فنڈز منظور کر لیے گئے۔ اجلاس میں جھنگ گوجرہ روڈ کی بہتری کیلئے ایک ارب 53کروڑ جبکہ داری میرو لدان تا غوث آباد تک نئے روڈ کی تعمیر کیلئے 63کروڑ 39لاکھ روپے اور تحصیل کمالیہ و پیر محل کی مختلف یونین کونسلز میں سڑکوں کی تعمیرومرمت کیلئے 41کروڑ 63لاکھ روپےاور  نارووال تا ظفر وال روڈ کی بہتری کیلئے ایک ارب 55کروڑ 6 لاکھ روپے کی منظوری دے دی گئی۔