پنجاب: محکموں، کمشنر اور ڈپٹی کمشنرز کے اختیارات میں اضافے کی منظوری

08-09-2024

(لاہور نیوز) پنجاب حکومت نے محکموں، کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز کے اختیارات میں مزید اضافے کی منظوری دے دی۔

پنجاب حکومت نے پہلے اسلحہ لائسنس اور اب ترقیاتی سکیموں کی مد میں کمشنرز اور ڈی سیز کے اختیارات بڑھا دیئے، کابینہ کمیٹی برائے خزانہ نے پنجاب ڈیلیگیشن آف فنانشل پاور رولز 2016 میں تبدیلی کی منظوری دے دی۔ دستاویزات کے مطابق تقریباً 23 سال بعد ڈپٹی کمشنرز کی سکیموں کی منظوری کی رقم کو 5 کروڑ سے بڑھا کر 10 کروڑ روپے کر دیا گیا، ڈویژنل کمشنرز کی سکیم منظوری کی رقم کو 20 کروڑ سے بڑھا کر 40 کروڑ روپے کرنے کی منظوری دے دی گئی۔ محکموں کو ترقیاتی سکیموں کی منظوری کیلئے رقم 40 کروڑ سے بڑھا کر 80 کروڑ روپے تک کے اختیارات دے دیئے گئے۔ پنجاب حکومت نے صوبائی ترقیاتی ورکنگ پارٹی کی فنانشل بریکٹ کو بھی 10 سے بڑھا کر 20 ارب روپے کرنے کی سفارشات وفاق کو بھجوانے کا فیصلہ کیا ہے، کابینہ کی منظوری پر نوٹیفکیشن جاری کرنے کے بعد نئے اختیارات استعمال کیے جا سکیں گے۔ دستاویزات میں مزید کہا گیا ہے کہ بڑھتی مہنگائی کے باعث ترقیاتی سکیموں کی لاگت میں اضافے کے پیش نظر فنانشل بریکٹ کو بڑھایا گیا ہے۔