پی ٹی آئی کو لاہور میں جلسے کی اجازت نہ ملنے کیخلاف درخواست پر ڈپٹی کمشنر طلب

08-09-2024

(دنیا نیوز) لاہور ہائیکورٹ نے پی ٹی آئی کو لاہور میں 14 اگست کو جلسے کی اجازت نہ ملنے کیخلاف دائر درخواست پر ڈپٹی کمشنر لاہور کو طلب کرتے ہوئے سماعت میں وقفہ کر دیا۔

لاہور ہائی کورٹ کے جسٹس علی باقر نجفی نے شہری اکمل خان کی درخواست پر سماعت کی۔ سرکاری وکیل نے عدالت کو آگاہ کیا کہ مجھے یہ ہدایات ہیں کہ 24، 25 اور 26 اگست کو چہلم ہے، چہلم کی وجہ سے سکیورٹی کی سخت صورتحال رہے گی، اس کے بعد یہ درخواست دے دیں، ہم سکیورٹی کی صورتحال کو دیکھ کر آرڈر کر دیں گے، پی ٹی آئی والے 27 کے بعد درخواست دے دیں، ہم ایجنسیوں کی رپورٹ کے بعد فیصلہ کر دیں گے۔ اس پر وکیل درخواست گزار نے کہا کہ یہ کہہ رہے ہیں کہ 26 کے بعد کوئی تاریخ دے دیں، ہم 27 تاریخ کیلئے بیان حلفی دے دیتے ہیں، سرکاری وکیل کا کہنا تھا کہ 26 اگست کے بعد درخواست دے دیں، ہم جلسہ کرنے کی جگہ بتا دیں گے۔ بعد ازاں جسٹس علی باقر نجفی نے ریمارکس دیئے کہ آپ ڈپٹی کمشنر لاہور کو کہہ سکتے ہیں کہ وہ عدالت کے سامنے پیش ہوں، ایڈووکیٹ جنرل پنجاب کا کہنا تھا کہ جی ہو سکتا ہے، عدالت حکم کرے، ڈپٹی کمشنر کو آنا ہوگا۔ اس پر سرکاری وکیل کا کہنا تھا کہ یہ 26 کے بعد کسی بھی تاریخ کیلئے درخواست دے دیں، عدالت نے کہا کہ یہ بات اگر ڈپٹی کمشنر لاہور کے سامنے ہو جائے تو بہتر ہے۔ بعد ازاں عدالت نے ڈپٹی کمشنر لاہور کو طلب کرتے ہوئے سماعت 11 بجے تک ملتوی کر دی۔