سعود شکیل کو نائب کپتان مقرر کرنے پر سرفراز احمد نے لب کشائی کردی

08-08-2024

(ویب ڈیسک) قومی ٹیم کے سابق کپتان سرفراز احمد نے مڈل آرڈر بیٹر سعود شکیل کو نائب کپتان بنانے پر اپنے ردعمل کا اظہار کردیا۔

بنگلادیش کیخلاف 2 ٹیسٹ میچ کی سیریز سے قبل پریکٹس کے سیشن کے دوران میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وکٹ کیپر بیٹر سرفراز احمد نے کہا کہ سعود شکیل کو پاکستانی ٹیم کا نائب کپتان منتخب ہونے پر مبارکباد دیتا ہوں، یہ اعزاز کی بات ہے۔سعود شکیل بہت ٹیلنٹڈ لڑکا ہے، اسکی قیادت میں سندھ کی ٹیم نے ٹی20 چیمپئن شپ جیتی جبکہ انڈر-19 ٹیم کی قیادت کے فرائض بھی سرانجام دے چکا ہے۔ سابق کپتان نے کہا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی جانب سے سعود شکیل کو کپتان بنانے کے فیصلے کی حمایت کروں گا، ایسے لڑکے پر توجہ دے رہے ہیں جو نچلے لیول سے کپتانی کرتا آرہا ہے۔واضح رہے کہ گزشتہ روز بورڈ نے بنگلادیش کیخلاف ٹیسٹ سیریز کیلئے 17 رکنی اسکواڈ کا اعلان کیا تھا، جس میں کپتانی شان مسعود اور نائب کپتانی شاہین آفریدی سے لیکر سعود شکیل کو دیدی گئی تھی۔