خواتین کے تحفظ کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا: پراسیکیوٹر جنرل پنجاب

08-08-2024

(لاہور نیوز) پراسیکیوٹر جنرل پنجاب سید فرہاد علی شاہ نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے ویژن کے مطابق خواتین کے تحفظ کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا۔

پراسیکیوٹر جنرل پنجاب سید فرہاد علی شاہ کی زیر صدارت اعلیٰ سطح کا اجلاس ہوا جس میں  چیئرپرسن ویمن پروٹیکشن اتھارٹی حنا پرویز بٹ نے خصوصی شرکت کی، اجلاس میں محمد ارشد علی فاروقی ڈائریکٹر امپلی منٹیشن سمیت دیگر پولیس افسران بھی شریک ہوئے۔ اجلاس میں زینب قاتلانہ حملہ کیس کی تفتیش میں پیشرفت کا جائزہ لینے کیلئے تفتیشی افسر اور مدعیہ کو طلب کیا گیا۔ مدعیہ زینب نے کیس کو ہائی پروفائل ڈکلیئر کرنے اور تفتیشی افسر کو قانون کے مطابق میرٹ پر تفتیش کی ہدایات جاری کرنے پر پراسیکیوٹر جنرل پنجاب سید فرہاد علی شاہ اور چیئرپرسن پنجاب ویمن پروٹیکشن اتھارٹی حنا پرویز بٹ کا شکریہ ادا کیا۔ اجلاس کے دوران گفتگو کرتے ہوئے پراسیکیوٹر جنرل پنجاب سید فرہاد علی شاہ کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ مریم نواز کے ویژن کے مطابق خواتین کے تحفظ کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ پنجاب ویمن پروٹیکشن اتھارٹی، پراسیکیوشن اور پولیس مل کر خواتین کا تحفظ یقینی بنائیں گے، خواتین کے ساتھ بدسلوکی کرنے والے ملزمان کو کیفرکردار تک پہنچائیں گے۔