عمران خان نے پاکستان کی معیشت اور معاشرت برباد کردی: جاوید لطیف

08-08-2024

(لاہور نیوز) سینئر رہنما پاکستان مسلم لیگ ن و سابق وفاقی وزیر میاں جاوید لطیف نے کہا ہے کہ عمران خان نے پاکستان کی معیشت اور معاشرت برباد کردی۔

ماڈل ٹاؤن پارٹی سیکرٹریٹ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے  میاں جاوید لطیف نے  9 مئی واقعات پر بانی پی ٹی آئی عمران خان کی جانب سے مشروط معافی کے اعلان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ تم کہتے ہو جی ایچ کیو کے باہر مظاہرہ کرنے کا کہا تھا،  آپ نے خود کہا تھا رینجرز یا فوج گرفتار کرے گی تو جواب لوگ دیں گے، حسان نیازی،یاسمین راشد،حماد اظہر ،شہریار آفریدی اور دیگر کے بارے میں کیا خیال ہے۔ انہوں نے کہا کہ کیا نوازشریف کی گرفتاری پر ہم نے اداروں پر حملہ کیا؟ سب جانتے ہیں نوازشریف کو 2017میں کس کے کہنے پر نااہل کرایا گیا تھا،  ایک شخص کے نامہ اعمال میں صرف ایک معافی نہیں ہے،  تم نے 2014 میں جلاؤ گھیراؤ کا سلسلہ شروع کیا تھا۔ جاوید لطیف کا کہنا تھا کہ یہ الگ بات ہے کہ 9مئی کا واقعہ کس کی سہولتکاری پر ہوا، بتایا جائے کیا سہولتکاری ختم ہوگئی ہے،  کہتے ہیں معافی مانگ لوں گا، یہ تو بتائیں جب اداروں پر حملہ آور تھے اس کی معافی مانگیں گے؟ کیا آپ اس پر معافی مانگیں گے جو آئی ایم ایف کو خط لکھوائے؟ سابق وفاقی وزیر نے کہا کہ  کیا آپ لانے والوں کو میر جعفر اور میر صادق کہنے پر معافی مانگیں گے؟  تم زمان پارک میں مورچہ بند ہوکر ایک سال منصوبہ بندی کرتے رہے،  تم زمان پارک میں بیٹھ کر دہشتگردوں کو ٹریننگ دیتے رہے، آج خیبر پختونخوا دہشتگردی کی زد میں ہے۔ ان کا عمران خان کو مخاطب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ تم نے پاکستان کی معیشت اور معاشرت برباد کردی،  ہم آج روٹی کھانے کیلئے ترس رہے ہیں، آج ملک کے معاشی حالات ٹھیک نہیں ،کیا تم اس پر معافی مانگو گے؟ کیا آپ کی معافی سے مجھے روزگار اوردو وقت کی روٹی مل جائے گی؟ لیگی رہنما کا مزید کہنا تھا کہ بنگلادیش میں غیر ملکی مداخلت کو روکنے کیلئے وہاں کے لوگوں نے قربانی دی،  یہاں موصوف غیر ملکی قوتوں کو دعوت دے رہے ہیں، غیر ملکی قوتوں کو اجازت دے رہے ہیں کہ پاکستان میں آکر سازش کریں۔