وفاقی حکومت نے خلیجی ممالک جانیوالے محنت کشوں پر ٹیکس عائد کر دیا

08-08-2024

(لاہور نیوز) وفاقی حکومت نے پاکستان سے خلیجی ممالک جانے والے محنت کشوں پر ٹیکس عائد کر دیا۔

فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کی جانب سے ایس آر او جاری کر دیا گیا جس میں ایکسائز ڈیوٹی عائد کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق خلیجی ممالک جانے والے محنت کشوں کے ہوائی ٹکٹ پر 5 ہزار روپے ایکسائز ڈیوٹی عائد کی گئی ہے، ایکسائز ڈیوٹی محنت کشوں کے ویزے پر سفر کرنے والوں سے وصول کی جائے گی۔ ایف بی آر حکام کا کہنا ہے کہ فی ٹکٹ 5 ہزار روپے فکسڈ رقم کے طور پر وصول کئے جائیں گے، ٹیکس امیگریشن اینڈ اوورسیز ایمپلائمنٹ بیورو کے تصدیق شدہ لیبر ویزے پر لیا جائے گا۔ واضح رہے کہ مذکورہ ٹیکس پاکستان سے خلیجی ممالک سعودی عرب، متحدہ عرب امارات اور کویت جانے والے محنت کشوں سے وصول کیا جائے گا، دیگر خلیجی ممالک میں قطر، بحرین، عمان اور عراق بھی شامل ہیں۔