الخدمت فاؤنڈیشن ’کلین اینڈ گرین پاکستان موومنٹ‘ کے تحت 25 لاکھ پودے لگائے گی

08-07-2024

(لاہور نیوز) موسمیاتی تبدیلیوں اور ماحولیاتی آلودگی کے پیش نظر پودے لگانا وقت کی اہم ضرورت ہے۔

الخدمت فاؤنڈیشن نے ’’کلین اینڈ گرین پاکستان موومنٹ‘‘ کے تحت 11 اگست سے 18 اگست تک ملک بھر میں ہفتہ شجر کاری مہم منانے کا اعلان کر دیا، سرسبز پاکستان مہم کے تحت لاہور سمیت ملک بھر میں 3 لاکھ پودے لگائے جائیں گے جبکہ مجموعی طور پر ایک سال کے اندر لاہور میں 10 لاکھ پودوں سمیت پاکستان بھر میں 25 لاکھ پودے لگائے جائیں گے۔ اِسی حوالے سے لاہور پریس کلب میں پریس کانفرنس کا انعقاد کیا گیا جس میں الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان کے صدر ڈاکٹر مشتاق مانگٹ، لاہور ریجن کے نائب صدر چوہدری محمد سلیم، سینئر منیجر میڈیا ریلیشنز شعیب ہاشمی و دیگر ذمہ داران سمیت رضاکاروں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ ڈاکٹر مشتاق مانگٹ نے ’’گرین اینڈ کلین پاکستان موومنٹ‘‘ کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ ’سرسبز پاکستان‘ کے تحت شجر کاری ہماری بڑی موومنٹ کا حصہ ہے جس کے تحت شجر کاری سے متعلق آگاہی مہم کے ساتھ ساتھ پودوں کی نرسریاں بھی قائم کی جا رہی ہیں جس کے لئے 80 لاکھ روپے کا بجٹ مختص کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا الخدمت فاؤنڈیشن ایسے پودوں کا انتخاب کرتی ہے جو انسانوں یا جانوروں کیلئے نقصان دہ ثابت نہ ہوں اور آلودگی کے خاتمے میں بھی اپنا کردار ادا کریں، اس شجرکاری مہم میں ہمارے ساتھ پاکستان بھر کے مختلف تعلیمی اداروں کے ساتھ ساتھ عام نوجوان بطور رضاکار خدمات سرانجام دے رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ  پودے لگانے سے زیادہ، لگائے جانے کے بعد ان کی حفاظت اور نگہداشت اہم ہے اس کیلئے ہمیں پی ایچ اے لاہور کا تعاون حاصل ہے جو لگائے گئے پودوں کی مکمل نگہداشت کرتا ہے۔ ڈاکٹر مشتاق مانگٹ کا مزید کہنا تھا کہ گزشتہ سال ہم نے 9 پلانٹیشن ڈرائیوز کا اہتمام کیا جن میں ہزاروں رضاکاروں نے خدمات سرانجام دیں، رواں برس سے اب تک 28 پلانٹیشن ڈرائیو کا انعقاد کیا جا چکا ہے۔ شعیب ہاشمی نے کہا کہ پودے لگانا وقت کی اہم ضرورت ہے جہاں موسمیاتی تبدیلیوں نے پوری دنیا کو متاثر کیا ہے وہیں پاکستان موسمیاتی تبدیلیوں سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والے ممالک میں سے ہے، 2022ء کے سیلاب کے موقع پر اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس نے بھی کہا تھا کہ دنیا میں موسمیاتی تبدیلیوں کی خرابی میں سب سے کم کردار پاکستان کا ہے لیکن سب سے زیادہ متاثر پاکستان ہوا ہے۔ انہوں نے مزید کہا موسم سرما میں سموگ اور موسم گرما میں تپش اور گلیشئرز کے پگھلنے کے باعث شمالی علاقہ جات میں سیلابی ریلے معمول بن گئے جس سے لاکھوں لوگ متاثر ہو رہے ہیں، الخدمت فاؤنڈیشن نے اِسی ضرورت کے پیش نظر ملک بھر میں پودے لگانے کا سلسلہ شروع کیا ہے اور نوجوانوں کو اِس کا حصہ بنانے کا مقصد نوجوانوں میں صحت مند اور تعمیری سرگرمیوں کو فروغ دینا ہے۔ اس موقع پر سلیم چوہدری نے کہا الخدمت کے تحت ارجن، بوٹل، نیم، کیکر، جامن، برش، لارج ٹونیا، پانڈا سمیت دیگر پودے لگائے جائیں گے۔