سوئی ناردرن گیس کمپنی چوروں سے کروڑوں روپے کی ریکوری کرنے میں ناکام

08-07-2024

(لاہور نیوز) سوئی ناردرن گیس کمپنی چوروں سے کروڑوں روپے کی ریکوری کرنے میں ناکام ہو گئی۔

آڈیٹر جنرل کی رپورٹ کے مطابق سوئی گیس کمپنی کی طرف سے چوروں سے ریکوری کی بجائے ریبیٹ کے نام پر شہریوں سے اضافی وصولیوں کا سلسلہ جاری ہے، جنرل منیجر بلنگ کی غفلت کی وجہ سے 28 گیس چوروں کی نشاندہی کے باوجود ریکوری نہیں کی جا سکی۔ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ بلنگ سیکشن کی کمزور مینجمنٹ کی وجہ سے 28 کروڑ 68 لاکھ روپے کی ریکوری تاخیر کا شکار ہے، چور گھریلو کنکشن پر گیس کا کمرشل استعمال کر رہے تھے، گیس چور جعلی میٹر، ٹمپرنگ اور براہ راست گیس استعمال کر رہے تھے۔  آڈٹ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ریجنل تشخیصی ٹیم نے 28 گیس چوروں کی درخواستیں مسترد کر کے ریکوری کی ہدایت کی تھی، بلنگ سیکشن گیس چوروں سے رقم کی ریکوری میں ناکام رہا،  گیس چوری کی رقم عدم ریکوری معمول بن چکا ہے۔ رپورٹ میں انکشاف ہوا ہے کہ گزشتہ چار برسوں میں بھی اربوں روپے کی ریکوری نہیں کی جا سکی، گیس کی ریکوری کے کیسز گیس ریکوری کورٹ ملتان میں زیر سماعت ہیں، ڈیپارٹمنٹل اکاؤنٹس کمیٹی کیسز کی بھر پور پیروی کر کے ریکوری یقینی بنائی جائے۔