9 مئی مقدمات: حافظ فرحت عباس اور شیخ امتیاز محمود کی عبوری ضمانتیں خارج

08-07-2024

(لاہور نیوز) انسداد دہشتگردی عدالت نے راحت بیکری کے باہر پولیس کی گاڑیاں جلانے کے کیس میں پی ٹی آئی کے اراکین صوبائی اسمبلی حافظ فرحت عباس اور شیخ امتیاز محمود کی عبوری ضمانتیں خارج کردیں۔

لاہور کی انسداد دہشتگردی عدالت میں 9 مئی کے مقدمات کی سماعت ہوئی، اے ٹی سی کے جج خالد ارشد نے  مقدمات میں نامزد ملزمان کی عبوری ضمانتوں کی درخواستوں پر سماعت کی، ملزمان کی جانب سے ایڈووکیٹ سلمان شاہد اور پیر مسعود چشتی نے دلائل دیئے ۔ عدالت نے 2،2 لاکھ روپے کے مچلکوں کے عوض  6 پی ٹی آئی رہنماؤں کی عبوری ضمانتیں کنفرم کر دیں جبکہ  شیخ امتیاز  محمود اور حافظ فرحت عباس کی عبوری ضمانتیں خارج کردیں۔ عدالتی فیصلے میں کہا گیا کہ ملزمان ایف آئی آر میں نامزد نہیں ہیں صرف تتیمہ بیان میں نام ہیں، رائے حسن نواز ،ایم پی اے رائے مرتضٰی اقبال، ایم این اے محمد احمد چٹھہ، چودھری آصف علی، شکیل خان نیازی اور ایم این اے بلال اعجاز کی عبوری ضمانتیں کنفرم کی جاتی ہیں۔ عدالت نے فیصلے میں مزید کہا کہ پی ٹی آئی رہنما شیخ امتیاز محمود اور حافظ فرحت عباس کی عبوری ضمانتیں خارج کی جاتی ہیں۔ حافظ فرحت عباس اور شیخ امتیاز محمود عدالت سے فرار عدالتی فیصلہ سننے کے بعد حافظ فرحت عباس اور شیخ امتیاز محمود باآسانی عدالت سے فرار ہو گئے، پولیس کی جانب سے دونوں نامزد ملزمان کو گرفتار کرنے کی کوشش نہیں کی گئی۔ بعدازاں اپنے ایک بیان میں حافظ فرحت عباس کا کہنا تھا کہ حق و سچ کی فتح ہوگی، جن لوگوں نے عبوری ضمانتیں خارج کروائی ہیں انہیں کہنا چاہتا ہوں ظلم ظلم ہی ہوتا ہے،  ہم اس فسطائیت کا مقابلہ کریں گے، ہائیکورٹ جائیں گے۔